داتا گنج بخش ؒ کا975 واں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے انتظامات مکمل

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار رسم چادر پوشی کر کے تین روزہ تقریبات کا آغاز کرینگے،تین ہزار پولیس ،450قومی رضاکار اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ا ہلکاران فرائض انجام دیں گے، 50سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھایا جائے گا ‘صوبائی سیکر ٹری اوقاف ذولفقار احمد گھمن

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:01

داتا گنج بخش ؒ کا975 واں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے انتظامات مکمل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) صوبائی سیکر ٹری اوقاف ذولفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کا975 واں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں،تین روزہ تقریبات کے پہلے روز وزیر اعلیٰ پنجاب رسم چادر پوشی کر کے تقریبات کا آغاز کرینگے جبکہ گورنر پنجاب 26اکتوبر کو عرس کے حوالے سے منعقدہ دو روزہ عالمی کانفرنس میں مہمان خصوصی ہونگے۔

انہوں نے داتا دربار کے کمیٹی روم میں عرس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے 3 ہزار پولیس اہلکاران،450قومی رضاکار اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ا ہلکاران فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی کے لئے قرب و جوارا ور اطراف میں 50سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھایا جائے گا جبکہ اس پورے عمل کی تینوں دن سیف سٹی کے ذریعے بھی باقاعدگی سے نگرانی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے لئے ناصر با غ،سینٹرل ماڈل سکول،اسلامیہ ہائی سکول،آزادی چوک، موری گیٹ اور لوہاری گیٹ میں جگہ بنائی جائے گی۔ لنگر اور دودھ کی سبیل کے لئے بھی دربار کے قرب و جوار میں پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ سکیورٹی کی بہتری کے لئے زائرین کو واک تھرو گیٹس سے گزارا جائے گا۔ زائرین کو کسی بھی قسم کی فوری طبی امدار کی فراہمی کے لئے میو ہسپتال، منشی ہسپتال ا ورد اتا دربار ہسپال میں انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عرس کے دنوں میں لنگر اور دودھ کے معیار کے سختی سے چیکنگ بھی کی جائے گی اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی کو پابند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کے افسران عرس کے دنوں کے لئے اپنے اپنے فوکل پرسن کی تعیناتی اور ان کی مکمل معلومات فراہم کریں تاکہ ایک معلوماتی ڈائریکٹری مکمل کرکے آپس میں روابط بہتر بنائے جا سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ دربار اور اس کے قرب و اطراف کو برقی قمقموں ،محرابوں اور دیگر سامان سے خوبصورت تزئین و آرائش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران کسی بھی محکمہ کی طرف سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکر ٹری اطہر مسعود، ڈائریکٹ جنرل اوقاف طاہر رضا بخاری ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذولقر نین کے علاوہ تمام محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں