ایران پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و معاشی تعلقات کا خواہاں ہے‘رضا ناظری

آئل، کیمیکل اور گیس سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی وسیع گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے پاکستان دودھ کی پیداوار میں نمایاں مقام رکھتا ہے، ڈیری سیکٹر میں ایران کا تجربہ اور مہارت پاکستان کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے‘ایرانی قونصل جنرل

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و معاشی تعلقات کا خواہاں ہے، بارٹر ٹریڈ کی حوصلہ افزائی کرکے دونوں ممالک یکساں فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، سابق صدور سید محسن رضا بخاری، میاں مصباح الرحمن، سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید، عاطف اکرم، حارث عتیق، عاقب آصف، ظفر اقبال، خلیق ارشد اور ڈاکٹر محمد اشد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، ایران نے ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے اور پاکستان اس کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایرانی قونصلیٹ پاکستانی تاجروں سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران جلد ہی پنجاب میں ایرانی مصنوعات کی نمائش منعقد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئل، کیمیکل اور گیس سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی وسیع گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان دودھ کی پیداوار میں نمایاں مقام رکھتا ہے، ڈیری سیکٹر میں ایران کا تجربہ اور مہارت پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ چینل کے قیام کے لیے ایران اور سابق پاکستانی حکومت نے معاہدے پر دستخط کیے تھے، اس معاہدے کو فعال کرنے کے لیے موجودہ پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔

لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ لاہور چیمبر اور ایرانی قونصلیٹ کے درمیان تعلقات کسی تعارف کے محتاج نہیں، ایرانی قونصلیٹ نے ایران اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازوں کے ذریعے کاروباری آسانیاں پیدا کی ہیں جبکہ لاہور چیمبر کے ممبران کو بھی ترجیحی بنیادوں پر ویزے فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران بڑی مارکیٹوں کے حامل ہیں، ایک دوسرے سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔

الماس حیدر نے ایرانی قونصل جنرل کو آگاہ کیا کہ فروری 2016ء میں وہ ایک وفد لیکر ایران گئے تھے جس کے بڑے اچھے نتائج برآمد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ چینل کے قیام سے تجارت میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہ کہ دونوں ممالک کو آلات جراحی، ٹیکسٹائل، چاول، انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر نے بھی دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ چینل کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں