نیب لاہور کی کارروائی ڈائریکٹر پیرا گون سٹی قیصر امین بٹ گرفتار

ْقیصر امین بٹ کو (کل )جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا

بدھ 14 نومبر 2018 18:42

نیب لاہور کی کارروائی ڈائریکٹر پیرا گون سٹی قیصر امین بٹ گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہورنے کارروائی کرتے ہوئے پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں بڑی اور اہم پیش رفت کے طور پرڈائریکٹر پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی (پرائیویٹ لمیٹڈ)قیصر امین بٹ کو گرفتارکرلیا ۔تفصیلات کے مطابق ملزم کے خلاف جاری انکوائری میں ہونے والے انکشافات کے مطابق ملزم قیصر امین بٹ نے شریک ملزم ندیم ضیاء وغیرہ کی مدد سے جعلی اور بوگس کاغذات کی مدمیں2005میں پیرا گون سٹی کے نام پر ایک غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کا آغاز کیاجبکہ ملزمان کے خلاف جاری تفتیش کے دوران ہونے والے انکشافات کے مطابق 2013میںٹی ایم اے سے منظور شدہ تمام ہائوسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈلاہور ڈویلیپمنٹ اتھارٹی(LDA) کو منتقل کر دیا گیا تاہم ملزمان کی جانب سے دانستہ طور پر پیرا گون ہائوسنگ سکیم کا مکمل ریکارڈ ایل ڈی اے کو منتقل کیا گیا اور نہ ہی مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی کو ایل ڈی اے سے باقاعدہ منظور کروایا گیا۔

(جاری ہے)

اس طرح ملزمان غیر قانونی طور پر پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی کے نام پر مالی فوائد حاصل کرتے رہے مزید برآں ملزمان نے عوام کو جھوٹے وعدوں کی بنیاد پر کثیر تعداد میں پلاٹ فروخت کئے جبکہ پلاٹوں کی فروخت سے حاصل شدہ رقم کو ذاتی کاروبار میں منتقل کر دیا گیا۔ اس طرح ملزمان کی جانب سے عوام کو بروقت پلاٹوں کا قبضہ بھی فراہم نہ کیا جا سکا اور نہ ہی مذکورہ سوسائٹی میں ترقیاتی کام مکمل کروائے گئے جبکہ ملزم قیصر امین بٹ کی جانب سے عوام کو غیر قانونی طور پر ان رہائشی اور کمرشل پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی جاری کئے گئے جو پیراگون ہائوسنگ سکیم کے قبضہ میں نہ تھے اس طرح ملزمان عوام سے دھوکہ دہی اور فراڈ کے مرتکب ٹھہرے۔

نیب لاہور میںمتاثرین کیجانب سے ملزمان کی کرپشن و دھوکہ دہی کے حوالے سی89 شکایات درج کروائی جا چکی ہیں۔ملزم قیصر امین بٹ نے بطور ڈائریکٹر پیراگون سٹی شریک ملزم ندیم ضیاء کو عوام سے نا صرف دھوکہ دہی اور مالی غبن میں مدد فراہم کی بلکہ عوامی دولت کو ذاتی مفادات اور کاروبار کی مد میں استعمال کیا۔ پیراگون سٹی ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں جاری انکوائری میںملزم قیصر امین بٹ نیب لاہور کو مطلوب ہونے کے علاوہ ملزم کی جانب سے سوسائٹی کے ریکارڈ میں ممکنہ رد و بدل کے خدشہ اور عوام کی لوٹی گئی رقوم کی برآمدگی کے لئے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جسے نیب حکام کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے آج بروز ( جمعرات ) کواحتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں