ایف آئی اے پنجاب سرکل کی کارروائی : فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے گردونواح سے 13 انسانی سمگلروں کو گرفتار ، تفتیش شروع کردی گئی

پیر 19 نومبر 2018 23:05

ایف آئی اے پنجاب سرکل کی کارروائی : فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے گردونواح سے 13 انسانی سمگلروں کو گرفتار ، تفتیش شروع کردی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2018ء) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی ای) پنجاب کے فیصل آباد سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے گردونواح سے 13 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ فیصل آباد میں تعینات ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ساجد اکرم چوہدری نے نمائندہ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر بشر احمد میمن نے پاکستان بھر میں تعینات زونل سربراہوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک میں بسنے والے سادہ لوح شہریوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی اور زندگیوں سے کھیلنے والے انسانی سمگلروں، ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی دھندوں کے ذریعے حکومتی خزانہ کو نقصان پہنچانے بجلی، گیس چوروں اور سائبر کرائمز کو آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے دوران کسی سیاسی و غیر سیاسی سفارش پریشر یا دبائو کو خاطر میں لائے بغیر کریک ڈائون جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے زونل سربراہ وقار عباسی کی ہدایات کی روشنی میں روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈائون کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز سرگودھا اور فیصل آباد کے گردونواح میں کریک ڈائون کے نتیجہ میں ایک خاتون سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن میں 2 اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم مبشر علی خاں 2012ء سے جبکہ نورالہدیٰ 2018 ء سے اشتہاری ملزمان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا شمار بد نام زمانہ انسان سمگلروں میں ہوتا ہے۔ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ انکشافات متوقع ہیں گرفتار ہونے والے ملزمان ذیشان علی، عبدالمجید ، تنویر احمد ، صابر علی، حسین تیمور، فہیم ، ممتاز ، سلیم ، امتیاز اور نسیم بی بی شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں