12روز قبل چیف جسٹس کے سکواڈمیں زخمی ہونیوالا شہری صحتیابی کے بعد گھر روانہ .

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز جنرل ہسپتال میں بہتر علاج ہوا ‘اصغر منظورکی گفتگو

منگل 20 نومبر 2018 18:48

12روز قبل چیف جسٹس کے سکواڈمیں زخمی ہونیوالا شہری صحتیابی کے بعد گھر روانہ .
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان کے سکواڈ میں12روز قبل زخمی ہونے والے اصغر منظور کو گزشتہ روز صحت یابی کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا وہ لاہور جنرل ہسپتال کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے یونٹ2میں زیر علاج تھے جہاں انہیں علاج معالجے کی ہمہ وقت بہترین سہولیات فراہم کی گئیں اور پروفیسر خالد محمود کی زیر نگرانی ان کا علاج معالجہ ہوا ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ 8نومبر کو موٹر وے پر شیخوپورہ کے نزدیک سیکورٹی پولیس اہلکاران ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرشیخوپورہ میں منتقل کیا گیا جہاں سے اصغر منظور کو تشویش ناک حالت میں لاہور جنرل ہسپتال لایا گیا اور چیف جسٹس خود بھی اُس کی تیمار داری کیلئے ہسپتال آئے ۔

(جاری ہے)

صحت یاب ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اصغر منظور کے لواحقین کا کہنا تھا کہ اُسے ہسپتال میں بالخصوص پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ڈاکٹروں اور عملے نے بھرپور توجہ دی جبکہ پروفیسر خالد محمود کی زیر نگرانی اُس کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی گئی جس پر وہ اس ادارے کا مشکور ہے اور ڈاکٹروں ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر خالد محمود کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ہر شہری برابر ہے اور حادثے کی شکل میں مریض پر خصوصی توجہ دینا ہماری پیشہ وارانہ ذ مہ داری ہے جسے اصغر منظور کے کیس میں بھی احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کی گئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں