کارکردگی کا اعتراف اس وقت ہو گا جب عام آدمی کی زندگی میں واضح اور نمایاں بہتری آئے گی، 30 سال بعد پنجاب میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے، ہم نے اس طبقے کا احساس کرنا ہے

جس کا آج تک کسی نے نہیں سوچا وزیراعظم عمران خان کا پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ارکان سے ملاقات میں اظہار خیال

ہفتہ 1 دسمبر 2018 23:40

کارکردگی کا اعتراف اس وقت ہو گا جب عام آدمی کی زندگی میں واضح اور نمایاں بہتری آئے گی، 30 سال بعد پنجاب میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے، ہم نے اس طبقے کا احساس کرنا ہے
لاہور ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نی کہا ہے کہ کارکردگی کا اعتراف اس وقت ہو گا جب عام آدمی کی زندگی میں واضح اور نمایاں بہتری آئے گی۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ہفتہ کو لاہور میں پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آج کا پاکستان بدلا ہوا پاکستان ہے، اب عوام میں پزیرائی کا پیمانہ انصاف کی فراہمی اور بہتر طرز حکومت پر منحصر ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اچھی شہرت کے حامل افسران کی حوصلہ افزائی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے حوالے سے وزراء کو ان تھک محنت کرنے کی تاکید کی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں بالعموم اور صوبہ پنجاب میں بالخصوص گورننس مائنڈ سیٹ میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا اور غربت کے خاتمے، عوام کو صحت کی سہولیات، تعلیم اورروزگارکی فراہمی اور کسانوں کی مدد کے حوالے سے موجودہ حکومت کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے وزراء کو خصوصی ہدایات کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے طرز حکومت میں ریاست مدینہ کی طرز پر رحم اور احساس کو محور بنا کے عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے تمام کوششیں مرکوز رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پنجاب کابینہ کے وزراء نے وزیراعظم عمران خان کو متعلقہ وزارتوں کی کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سے جامع اور مربوط روڈمیپ کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں کی کارکردگی کا اعتراف اس وقت ہو گا جب عام آدمی کی زندگی میں واضح اور نمایاں بہتری آئے گی۔

اس وقت پاکستان میں سٹیٹس کو اور تبدیلی کے نمائندوں کی واضح تقسیم ہے، ان دونوں کے درمیان ہر روز مقابلہ جاری ہے، سٹیٹس کو کی کلاس جمہوریت بچانے کے نام پر اپنی چوری چھپانا چاہتی ہے، آپ نے بحیثیت تبدیلی کے نمائندے اپنی ذمہ داری کو بھرپور طریقے سے نبھانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ30 سال کے بعد پنجاب میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے، پنجاب میں لوگوں کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے، آپ سب لوگوں کو کلیدی کردارادا کرنا ہے اور اس مقابلے میں کامیاب ہوناہے، تب ہی آپ حقیقی لیڈر کے طور پر ابھریں گے۔

وزیراعظم نے اشیاء کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزراء کو ہدایت کی کہ قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کی نشاندہی کر کے ذمہ داران کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ارکان کو ہدایت کی کہ ان کی وزارتوں کا مرکز ی ہدف عام آدمی کو فائدہ پہنچانا اور ان کا معیار زندگی بہتر کرنا ہونا چاہئے، ہم نے اس طبقے کا احساس کرنا ہے جس کا آج تک کسی نے نہیں سوچا، جب ہم میں یہ احساس ہوگا تو ایسے معاشرے کی شروعات ہو گی جو ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی معنوں میں اقوام عالم میں ایک مستحکم فلاحی ریاست کے طور پر ابھرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں