مڈٹرم انتخابات نہیں ہونگے،تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سال مکمل کرے گی‘گورنر پنجاب

کسی کیخلاف سیاسی انتقامی کاروائی نہیں کی جائیگی،ملک کے وسائل لوٹنے والوں کو ہر صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا بلدیاتی سسٹم میں ترامیم کی جارہی ہیں ،بیرون ممالک بنکوں میں پڑی لوٹی ہوئی ملکی دولت کو ہر صورت پاکستان لایا جائیگا‘چوہدری محمد سرور

بدھ 12 دسمبر 2018 20:06

مڈٹرم انتخابات نہیں ہونگے،تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سال مکمل کرے گی‘گورنر پنجاب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ مڈٹرم انتخابات نہیں ہوں گے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سال مکمل کرے گی،حکومت کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،قانون کی نظر میں سب برابر ہیں کسی کے خلاف سیاسی انتقامی کاروائی نہیں کی جائے گی،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خاں گذشتہ 20سال سے بلاتفریق و بلا امتیاز احتساب کے حق میں ہیں، بیرون ممالک بنکوں میں پڑی لوٹی ہوئی ملکی دولت کو ہر صورت پاکستان لایا جائے گا۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے دوسرے ممالک میں پڑی دولت کو واپس لانے کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے اور اِس سلسلے میں برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے معاہدے ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل لوٹنے والوں کو ہر صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ گورنر نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی اور اِسے مضبوط خطوط پر استوار کرنے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کررہی ہے اور جلد ہی مشکل حالات پر قابو پالیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 70سال کے مسائل چند ماہ میں حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بزنس فرینڈلی پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ون ونڈو سسٹم کا آغاز کیا گیا ہے اور ریڈ ٹیپ ازم کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔گورنر نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے گیس کی قیمت کم کردی ہے جس سے بند پڑی ٹیکسٹائل ملیں دوبارہ کھلنا شروع ہوگئی ہیں جس سے بے روزگار افراد کو روزگار میسر آئے گا اور ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ جن ممالک میں اختیارات کی مرکزیت ہے وہ معاشرے ترقی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی سسٹم میں ترامیم کی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نئے سسٹم کے تحت بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیئے جائیں گے۔ گورنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں کو بھی اِس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کی جیلوں اور پولیس لائنز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں