تجاوزات کے خلاف غیرمنظم آپریشن معاشی و انسانی المیہ کو جنم دے رہا ہے‘لاہور چیمبرآف کامرس

جمعہ 18 جنوری 2019 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر الماس حیدر نے کہا ہے کہ شاہ عالم مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں میں تجاوزات کے خلاف زمینی حقائق کو مدنظر رکھے اور متبادل اقدامات اٹھائے بغیر آپریشن سے معاشی و انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی حکومت کے اعلی حکام کو لکھے گئے خطوط میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ شاہ عالم مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف غیرمنظم آپریشن تاجروں کو ان کے سرمائے اور ورکرز کو ملازمتوں سے محروم کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن عزت و احترام سے عاری انداز میں کیا اور حقیقی تاجروں کو تختہ مشق بنایا جارہا ہے جس کی وجہ سے بے چینی کا ماحول ہے، تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والا عملہ جو دل چاہے کرتے ہوئے تاجروں کے اثاثہ جات تباہ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال کوئی ایک دن میں پیدا نہیں ہوئی، بدعنوان سرکاری اہلکاروں نے قواعد و ضوابط کے برعکس پراپرٹیز بنانے اور فروخت کرنے کی اجازت دی لیکن انہیں کٹہرے میں لانے کے بجائے ایماندار ٹیکس دہندہ تاجروں کو دبایا جارہا ہے۔

الماس حیدر نے کہا کہ ان تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے جن کی دکانیں رجسٹرڈ جگہ پر تھیں اور ان پر ٹیکس بھی وصول ہوتا رہاہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ رنگ روڈ کے اطراف میں خالی جگہ کو کمرشل مقاصد کے لیے مختص کرکے تاجروں کو وہاں منتقل کیا جائے جس سے وہ نقصان سے بھی بچیں گے جبکہ شہر میں ٹریفک کا دبائو بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم فوری طور پر اٹھایا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں