حوصلہ مند کاروباری و ہنرمند خواتین کی خدمات سراہنے کیلئے کشف انٹرپرینیورشپ ایوارڈز 2019 کا انعقاد

کشف فاوٴنڈیشن نے کوکا۔کولا ایکسپورٹ کارپوریشن پاکستان کے تعاون کے ساتھ منگل کو لاہور میں کشف انٹرپرینیورشپ ایوارڈز 2019 کی تقریب کا انعقاد کیا

بدھ 20 مارچ 2019 14:11

حوصلہ مند کاروباری و ہنرمند خواتین کی خدمات سراہنے کیلئے کشف انٹرپرینیورشپ ایوارڈز 2019 کا انعقاد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مارچ2019ء) کشف فاوٴنڈیشن نے کوکا۔کولا ایکسپورٹ کارپوریشن پاکستان کے تعاون کے ساتھ منگل کو لاہور میں کشف انٹرپرینیورشپ ایوارڈز 2019 کی تقریب کا انعقاد کیا۔ ان سالانہ ایوارڈز کی تقریب کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ کشف کے ذریعے ایسی کاروباری خواتین اور پاکستان بھر میں کشف کے فیلڈ اسٹاف کی کاوشوں اور ثابت قدمی کا قدر کی نگاہ سے اعتراف کیا جائے جنہوں نے سب کے بہتر مستقبل کے لئے سماجی و معاشی سطح پر مثبت تبدیلی لاکر اپنا حصہ ڈالا جبکہ اسی دوران اپنا کام شروع کرنے کی خواہش مند خواتین کی نوجوان نسل کے لئے نئے راستے نکالے۔


کشف فاوٴنڈیشن کی ایم ڈی روشانہ ظفر نے کہا، "پاکستان کی خواتین اتنی ہی باصلاحیت اور قابل ہیں جتنے مرد ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کے دن کی مناسبت سے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان بھر میں اپنی بہادر خواتین کی کاوشوں کا اعتراف کریں جنہوں نے روایتی رکاوٹوں کو توڑا اور بھرپور انداز سے ترقی کرکے غیرمعمولی کاروباری خواتین کے طور پر سامنے آئیں۔ یہ تقریب اپنی متاثرکن کاروباری اور ہنرمند خواتین کی خدمات کو سراہنے کے لئے منعقد کی گئی ہے۔

"
اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں اہم افراد اور سرکاری افسران موجود تھے جنہوں نے کشف کی کاروباری اور ہنرمند خواتین کی کامیابیوں کو سراہا۔ کشف فاوٴنڈین کی ایم ڈی روشانہ ظفر، ایچ آر ڈائریکٹر کوکا۔کولا اسمارا نعمانی، سینئر منیجر جی ای ایس اے بشرا خانم، پی سی ایس ڈبلیو کی چیئرپرسن فوزیہ وقار، ثمینہ پیرزادہ، حسینہ معین اور پی ایس ڈی ایف کے سی ای او جواد خان نے ان غیرمعمولی خواتین میں ایوارڈز تقسیم کئے۔


کوکا۔کولا کی ایچ آر ڈائریکٹر اسمارا نعمانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "سال 2010 میں کوکا۔کولا نے عزم کیا کہ سال 2020 تک 5 ملین خواتین کو بااختیار بنایا جائے ، ہم نے پاکستان میں کاروبار کرنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کرکے صنفی مساوات کی بہترین انداز سے مثال قائم کی۔ یہ خواتین اب اپنی بہتر آمدن کے ذریعے اپنے گھرانوں میں حصہ ڈال رہی ہیں۔

آج ہم اپنے ارد گرد موجود ان خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جو مضبوط ہوچکی ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں رکاوٹوں کا خاتمہ کرکے کامیابی کے راستے پر گامزن ہیں۔ "
تقریب میں 10 متاثرکن کاروباری خواتین اور بزنس ڈیولپمنٹ آفیسرز کو اپنی خود اعتمادی، مزاحمت اور جذبے پر بھی ایوارڈز دیئے گئے ۔ یہ ایوارڈز خواتین کو کم عمری میں کامیابی، متاثرکن کردار، جدت کے ساتھ علاقے میں خدمات کی فراہمی اور اپنے کاروبار کے ساتھ گھریلو ذمہ داریوں کی توازن سے ادائیگی پر دیا گیا۔

ان خواتین کو کسی نسل یا مذہبی امتیاز کے بغیر منتخب کیا گیا اور ایسے ماحول میں جہاں مردوں کی اکثریت ہو ، وہاں انہیں اپنے اقدامات پر کامیابی سے عمل درآمد پر سراہا گیا۔
اس تقریب میں پنجاب اسکلز ڈیولپمنٹ سے تعلق رکھنے والی غیرمعمولی خواتین کو بھی شامل کیا گیا جس پر کشف فاوٴنڈیشن کی جانب سے اسکلز فار مارکیٹ لنکیجز پروگرام 2018-19کے تحت قصور اور ننکانہ صاحب میں عمل درآمد کیا گیا۔


تقریب میں پی ایس ڈی ایف کے سی ای او جواد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "اس پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں باصلاحیت خواتین کے لئے ہاتھ کی کڑھائی ، اڈے کا کام اور سلائی کے لئے پائیدار انداز سے مارکیٹ میں رابطے فراہم کئے گئے۔ اس میں جوش و خروش کے ساتھ کام کیا گیا اور 12 ماہ کا طویل پروگرام مکمل کیا گیا اور اب وہ کاروباری سرگرمی میں فعال انداز سے حصہ لے رہی ہیں جو ہمارے لئے متاثرکن ہے اور کامیابی کے حصول کے ساتھ ان کی صلاحیتوں پر ہمارا یقین مزید مستحکم ہوگیا ہے۔

"
اپنے شراکت داروں کے تعاون کے ساتھ کشف فاوٴنڈیشن کا عزم ہے کہ بااثر کاروباری خواتین کی کمیونٹی کی نجی سطح سے بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے ، کشف کے سرمائے اور غیرمالیاتی تعاون کے ساتھ ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے تاکہ وہ اپنے اور ارد گرد لوگوں کے لئے تبدیلی لاسکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں