سانحہ نیوزی لینڈ ‘وزیر اعظم نیوزی لینڈ کے مثبت کردار ادا کرنے پر شکر یہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

بدھ 20 مارچ 2019 16:25

سانحہ نیوزی لینڈ ‘وزیر اعظم نیوزی لینڈ کے مثبت کردار ادا کرنے پر شکر یہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) تحریک انصاف نے سانحہ نیوزی لینڈ کے بعد وزیر اعظم نیوزی لینڈ کے مثبت کردار ادا کرنے پر شکر یہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی ۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارد اد کے متن میں کہاگیا کہ 15مارچ2019 کو کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر دہشتگردانہ حملہ ہوا جس میں 50 سے زائد مسلمان شہید ہوئے۔

اس سانحہ کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک کی سور البقرہ کی آیات 153تا156 سے کیا گیا۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے اپنی تقریر کا آغاز السلام وعلیکم سے کرتے ہوئے سانحہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کرائسٹ چرچ مساجد میں موجود مسلمانوں کودہشت گرد سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرکے جرات اور بہادری کی مثال بننے والے شہید پاکستانی نعیم راشد کو خراج تحسین پیش کیا اور نیوزی لینڈ پارلیمنٹ نے متاثرین کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی۔

قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈ آرڈن نینیوزی لینڈ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا۔ انھوں نے تلات قرآن پاک سے اجلاس کاآغاز کرایا۔ایوان انھیں السلام علیکم سے اپنے خطاب کا آغاز کرنے اور ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کرنے کو انتہائی عقیدت اور احترام سے دیکھتا ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈ آرڈن کے اس اقدام سے بین الاقوامی طور پر بین المذاہب ہم آہنگی بڑھے گی۔

دنیا اسلامو فوبیا سے باہر نکل آئے گی۔قرار داد میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈ آرڈن اور نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کے اقدامات تمام امن پسند مذاہب میں احترام کے ساتھ ایک دوسرے کے قریب لائیں گے اور دنیا سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہوگا۔صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان بذریعہ وفاقی حکومت نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈ آرڈن اور پارلیمنٹ کے کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کی مساجد میں شہید و زخمی ہونے والوں اور ان کے لواحقین سے خصوصی انداز میں اظہاریکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہے۔ دیگر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کو بھرپور سراہتا ہے اور اسلام کی صحیح اور حقیقی تشریح کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں