حکومت معاشی مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود غریب عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی ‘ جمشید چیمہ

گراں فروشوں کو عوام کا استحصال کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی ،متعلقہ ادارے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے‘ وفد سے گفتگو

اتوار 21 اپریل 2019 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت معاشی طو رپر انتہائی مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود غریب عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی ،وزیر اعظم عمران خان نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا فوری رد عمل ظاہر کیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں کریک ڈائون جاری ہے ، رمضان المبارک میں گراں فروشوں کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور متعلقہ ادارے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127سے ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو پسے ہوئے طبقات نے ووٹ دے کر مسند اقتدار پر بٹھایا ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

سابقہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک جن مشکلات سے دوچار ہے عوام ان سے بخوبی آگاہ ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت پسے ہوئے طبقات پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی ۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے قومی اداروں کو کرپشن اور سیاست زدہ کر دیا جس کی وجہ سے یہ آمدن دینے کی بجائے خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں ۔ حالات میں بہتری کے لئے اصلاحات لائی جارہی ہیں اور انشا اللہ بہت جلد یہی ادارے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی نئی ٹیم کو برملا کہا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور انشا اللہ آنے والے دنوں میں اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔

وزیر اعظم عمرا ن خان نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا سختی نوٹس لیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں کریک ڈائون جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے جامع پیکج دیا گیا ہے اور اس مرتبہ ریلیف بازاروں کی تعداد گزشتہ سالوں کے مقابلے میں کئی گنا بڑھائی گئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں