افطار پارٹی کی آڑ میں اپوزیشن اپنے کاروباری و سیاسی مفادات کا تحفظ کررہی ہے ‘ملک محمد انور

سابق حکمرانوں نے کھربوں کے قرضے لے کر قومی معیشت کو لہولہان کردیا‘صوبائی وزیر مال

اتوار 19 مئی 2019 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے افطار پارٹی کے نام پر جمہوری حکومت کے خلاف سازش تیار کی جارہی ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہوگی -انہو ںنے افطار پارٹی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہاہے کہ اس پارٹی میں تمام چور ،ڈاکو اکٹھے ہورہے ہیں جن کا مقصد اپنا کاروباری اور سیاسی مفادا ت کا تحفظ کرنا ہے -صوبائی وزیر مال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا بیانیہ سچ ثابت ہوگیاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں اندر سے ایک ہیں اور ایک سکے کے دو رخ ہیں -انہو ںنے کہاکہ افطار پارٹی کا مقصد تحریک انصاف کی حکومت کو دباؤ میں لاکر اپنے لیڈروں کے لئے این آر او حاصل کرنا ہے جس میں وہ ناکام رہیں گے - ملک محمد انور نے کہاہے کہ عید کے بعد اپوزیشن کی طرف سے احتجاج کی کال کبھی کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ عوام ان کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ ملک میں اقتصادی دہشت گردی کے فروغ میں دونوں پارٹیاں برابر کی شریک ہیں - صوبائی وزیر مال نے کہاہے کہ گذشتہ دس سالوں میں سابق حکمرانوں نے کھربوں کے قرضے لے کر قومی معیشت کو لہولہان کردیاہے -

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں