عمران خان نے انسانی ہمدردی اور اخلاقیات کے جذبے کے تحت کابینہ کے مشورے سے نواز شریف کو علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دی،فیاض الحسن چوہان

آل شریف اس اخلاقی اقدام کے جواب میں وزیراعظم پاکستان کو تضحیک کا نشانہ بنا رہی ہے

جمعہ 15 نومبر 2019 00:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان نے انسانی ہمدردی اور اخلاقیات کے جذبے کے تحت کابینہ کے مشورے سے نواز شریف کو علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دی اور آل شریف اس اخلاقی اقدام کے جواب میں وزیراعظم پاکستان کو تضحیک کا نشانہ بنا رہی ہے۔ آل شریف پوچھ رہی ہے کہ ہم سے سات ارب کا بانڈ کیوں مانگا جا رہا ہے۔

انہیں پتا ہونا چاہیئے کہ سات ارب کے ضمانتی بانڈ کا مطالبہ آل شریف کی کرتوتوں اور جھوٹ کے گزشتہ ٹریک کارڈ کی وجہ سے ہے۔ نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز، سمدھی اسحاق ڈار اور شہباز شریف کے داماد علی عمران پہلے ہی مفرور ہیں اور عدالتوں کے بارہا احکام کے باوجود پاکستان آنے سے انکاری ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے شہباز شریف کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس کے جواب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مولا علی کا قول ہے جس پر احسان کرو اس کے شر سے بچو۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے عدالت نے حکومت کو پابند کیا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے اس احسان پر ایسی باتیں آل شریف کو زیب نہیں دیتیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آپ حکومت کی اس شرط کو پورا کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر نواز لیگ بانڈ کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرتی ہے تو ہمارے لیے عدالت کا ہر حکم سر آنکھوں پر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں