وزیراعلیٰ پنجاب کا پی آئی سی کو آج رات آپریشنل کرنے کا اعلان

تمام متاثرین کو بھی نقصانات کی ادائیگی کردی گئی ہے، شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا عمل جاری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 دسمبر 2019 20:16

وزیراعلیٰ پنجاب کا پی آئی سی کو آج رات آپریشنل کرنے کا اعلان
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر 2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی آئی سی کو آج رات آپریشنل کردیا جائے گا، تمام متاثرین کو بھی نقصانات کی ادائیگی کردی گئی ہے، شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے لاء ڈیپارٹمنٹ کو ’’ ہیلتھ کیئر پروفیشنلز سیکیورٹی بل‘‘ اگلے کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں، تاکہ جلد از جلد قانون سازی کا عمل مکمل کیا جائےانشاءاللہ ۔

آج رات تک پی آئی سی کو اصل حالت میں لا کر آپریشنل کردیا جائےگا۔ تمام متاثرین کو بھی ان کے نقصانات کی ادائیگی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال پر حملے میں ملوث تمام شرپسندوں کی شناخت کے بعد گرفتاریوں اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ابھی تک اس بات لاعلم ہیں کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حملہ کیسے ہوا؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ کابینہ کی کمیٹی برائے امن وامان کی روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ ہوتی ہے، اس میں جو بھی فیصلے ہوتے ہیں ان پر عملدرآمد کیا جاتا ہے۔

ہم نے کابینہ کمیٹی میں پی آئی سی واقعے کی تمام صورتحال کابھی جائزہ لیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ واقعے سے متعلق مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں، کہ یہ واقعہ کیوں پیش آیا، کیسے پیش آیا، اس کے کیا محرکات ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ تحقیقات کب تک مکمل ہوجائیں گی؟ اس پر وزیراعلیٰ نے کوئی ڈیڈلائن نہ دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کے سوال پر جواب گول کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی لوگ سی سی ٹی وی کیمرے میں نظر آئیں گے، ان کیخلاف کاروائی کریں گے ، قانون سب کیلئے برابر ہے۔ دریں اثناں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے حسان نیازی کی گرفتاری پرکوئی پابندی نہیں لگائی۔

انہوں نے کہا کہ وکلااورڈاکٹرز دونوں معاشرے کے اہم طبقات ہیں۔ ہم چاہتے ہیں معاملہ افہام تفہیم اور قانون کے مطابق حل ہوجائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ حسان نیازی کی گرفتاری میں کسی نے رکاوٹ ڈالی؟ حسان نیازی سے متعلق جو بھی انتظامیہ سمجھے فیصلہ کرے۔ حسان نیازی کی گرفتاری پرعمران خان نے کوئی پابندی نہیں لگائی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں