محکمہ اوقاف پنجاب میں جدید طرز پر مشتمل اصلاحتی و تر قیاتی عمل کا آغاز

ویب ایپ سے ہرقسم کی سفارش ،اقربا پروری اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو جائے گا: سید سعید الحسن شاہ سیاحوں کو تاریخی ،مذہبی مقامات تک فوری رسائی کے لئے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا

جمعرات 20 فروری 2020 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) صوبائی وز یر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے پی آئی ٹی بی کے تعاون سے محکمہ اوقاف کے افسران و ملازمین کی ٹرانسفراور رخصت کے لیے تیار کی گئی E-TRANSFER WEB APP کاافتتاح ایوان اوقاف کے کمیٹی روم میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف گلزارحسین شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری اطہر مسعود ،ڈائریکٹرجنرل طاہر رضا بخاری ور جملہ ڈائریکٹرز اوقاف پنجاب بھی مو جود تھے۔

وز یر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ اوقاف کو جدید سائنسی تقا ضوں سے ہم آہنگ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میںوزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویزن اور ہدا یت کی روشنی میںمحکمہ اوقاف کے افسران و ملازمین کی ٹرانسفراور رخصت کے لیے E-Transfer Web App تیار کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس ویب کے لانچ ہونے سے اب کسی قسم کی سفارش ،اقربا پروری اور کرپشن نہ ہونے پائے گی۔

اب کسی بھی قسم کی رخصت،ٹرانسفر اوردیگر معاملات بارے محکمہ کے افسران وا اہلکاران کی منظوری و نا منظوری کی اطلاع فوری طور پر درخواست کنندہ کوکر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جلد اس قسم کی ویب ایپ کا دائرہ کار صوبہ کے تمام سرکاری محکموںکو لانچ کرنے کا پابند کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محکمہ اوقاف کے اصلاحتی عمل میں صوبہ بھر میں تاریخی ورثہ کو محفوظ کرنے کے سلسلہ میں اہم اقدامات پر عمل پیرا ہیں ۔

اس سلسلہ میں ان مذہبی تاریخی ورثوںکی حفاظت، تزئین و آرائش اور گرد جو ار کوخوبصورت بنا نے اور ان تک رسائی کے لئے تیز تر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ سیاحوں کو تاریخی ،مذہبی مقامات تک فوری رسائی کے لئے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا تا کہ سیاحت کو وسیع فروغ حاصل ہو۔ اس سلسلہ میں مختلف مقامات پر سیاحوں کے لئے ٹرمینل بھی بنائے جائیں گے۔

جبکہ سیاحوں کے قیام کیلئے جدید ریزورٹس بھی بنائے جائیں گے تاکہ وہ ان میں قیام کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بادشاہی مسجد ہمارا قومی و قیمتی ورثہ ہے اس کی حفاظت اور تزئین و آرائش کے لئے خصوصی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔بادشاہی مسجد کے سامنے حضوری باغ اور اطرف کو مذید پر کشش اور خوبصورت بناے کے لئے پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویزن کے مطابق ہم اپنے صوبہ میں واقع تمام قومی ورثہ کو مذید خوبصورت بنا کر سیاحت کے فروغ کا دروازہ کھول دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں