لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پیس پنجاب پولو کپ ٹیم بی این پولو نے جیت لیا

فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ٹیم پی بی جی رسالہ کو 5-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا

اتوار 23 فروری 2020 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2020ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پیس پنجاب پولو کپ ٹیم بی این پولو نے جیت لیا۔فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ٹیم پی بی جی رسالہ کو 5-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، ادھر سب سڈری فائنل میں پیبل بریکر نے اولمپیاء /ٹیکنی مین کو 6-5.5 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیس پنجاب پولو کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی پاکستان پولو ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی ہلال امتیاز (ملٹری)، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور،میجر جنرل عدنان کنور ڈی جی آرمڈ کور ہلال امتیاز (ملٹری)، چیئرپرسن پیس گروپ آف کمپنیز مسز آمنہ تاثیر، لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبراعظم حیات نون، عثمان حئی، آغا مرتضیٰ علی، میر شعیب احمد، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا اور سیکرٹری کرنل (ر) مدثر شریف، فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

بی این پولو ٹیم اور پی بی جی رسالہ کے درمیان میچ کافی دلچسپ رہا۔بی این پولو ٹیم نے پہلے چکر میں ہی دو گول کرکے برتری حاصل کرلی، جبکہ پی بی جی رسالہ کی ٹیم نے ایک گول سکور کیا۔ دوسرے چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا۔ تیسرے چکر میں بی این پولو ٹیم نے ایک گول سکور کیا جبکہ چوتھے چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا اس طرح بی این پولو ٹیم نے یہ میچ 5-3 سے جیت لیا۔

بی این پولو ٹیم کی طرف سے خوان ماریا رئیوز نے تین، راجہ میکائل سمیع اور ثاقب خان خاکوانی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ پی بی جی رسالہ کی طرف سے نکلوس ری سکویٹ نے تینوں گول سکور کیے۔ کپتان کرنل رب نواز ٹوانہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں پیبل بریکر نے اولمپیاء /ٹیکنی مین کو 6-5.5 سے ہرایا۔ پیبل بریکر کی طرف سے احمد علی ٹوانہ اور خوان کروز لوساڈا نے تین تین گول سکور کیے۔

اولمپیائ/ٹیکنی مین کی طرف سے حسام علی حیدر نے تین جبکہ عبدالرحمان منوں نے ایک گول سکور کیا جبکہ ڈیڑھ گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ اختتامی تقریب سے گفتگوکرتے ہوئے جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی ثاقب خان خاکوانی اور راجہ میکائل سمیع نے ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا کہ ٹیم نے پہلی بار تاریخی پنجاب کپ جیتا جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ واضح رہے کہ پنجاب پولو کپ 1886ء سے کھیلا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں