چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کا وزیراعظم عمران خان کو کرونا وائرس ریلیف فنڈ کے لیے ایک کروڑ روپے کا عطیہ

اتوار 5 اپریل 2020 12:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2020ء) چیئرمین فیصل آباد انڈسٹیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اور مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے ملک میں کورونا وائرس کی خوفناک وباء کا مقابلہ کرنے اور لاک ڈائون کی وجہ سے معاشی بوجھ تلے دبے کم آمدنی والے طبقات کی مالی مشکلات کم کرنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کو 10 ملین روپے کا چیک پیش کیا۔

اس سلسلے میں گذشتہ روز ایک سادہ تقریب گورنر ہاوٰس میں منعقد ہوئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر میاں کاشف کو مشکل وقت میں غریبوں کی مدد کے لیے عطیہ کرنے پر سراہا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے عوام پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے امدادی فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں اور نوجوان ٹائیگر فورس کے لئے رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ضرورت کی اس گھڑی میں اپنے نظریاتی اور سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس قومی مقصد کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت غریب خاندانوں کو مفت راشن کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کورونا کے خلاف عوامی تحفظ کے لئے موثر اور جامع اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری محکمے 24 گھنٹے عوام کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنارہے ہیں۔ چودھری سرور نے کہا کہ کورونا ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن مراکز پورے صوبے میں لوگوں کو مکمل رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہمہ وقت ان کے ساتھ ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں