بزدارحکومت کورونا وائرس کے حوالے سے صحافی برادری کی بھرپورخدمات کی معترف ہے،فیاض الحسن چوہان

پاکستان میں بروقت حکومتی اقدامات سے کورونا کے پھیلا کو محدود کیا گیا ہے،مگراس کے باوجود صحت، تعلیم، روزگار سمیت تمام شعبے کورونا کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں،صوبائی وزیر

بدھ 8 اپریل 2020 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بزدارحکومت کورونا وائرس کے حوالے سے صحافی برادری کی بھرپورخدمات کی معترف ہے،عثمان بزدار کی ہدایات پر میڈیا نمائندگان کے لئے بھی خصوصی ریلیف پیکج پر کام ہو رہا ہے۔اپنے بیان میں وزیرِاطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان میں بروقت حکومتی اقدامات سے کورونا کے پھیلا کو محدود کیا گیا ہے،مگراس کے باوجود صحت، تعلیم، روزگار سمیت تمام شعبے کورونا کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بزدار حکومت نے طلبا کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچانے کے لیے تعلیم گھر چینل کا آغاز کیا اور پرائیویٹ اسکولوں کو فیسوں میں کمی، اساتذہ و اسٹاف کو نہ نکالنے پر آمادہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پنجاب نے میڈیا نمائندگان کو (ن) لیگ کی جانب سے دی گئی حفاظتی کِٹس کو بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیس ماسک،صابن اور ہینڈ سینیٹائزر کو مکمل حفاظتی کٹ کا نام دے کر سستا مذاق کیا گیا،(ن) لیگ کی جانب منفی پراپیگنڈے کے باوجود عوام بزدارحکومت کے اقدامات پر مطمئن ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ بزدار حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے صحافی برادری کی بھرپور خدمات کی معترف ہے اور عثمان بزدار کی ہدایات پر میڈیا نمائندگان کے لئے بھی خصوصی ریلیف پیکیج پر کام ہو رہا ہے،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو ہر قسم کی طبی، تکنیکی و مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں