راجن پور کے دور دراز ضلع میں بھی متاثرہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے‘عثمان بزدار

کورونا سے متاثرہ مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت ، ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی کو جلد دور کرینگے ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور کو اپ گریڈ کرنے کیلئے جلد اقدامات کرینگے،کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو بھی ہسپتال میں تعینات کیا جائے گا‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 9 اپریل 2020 19:35

راجن پور کے دور دراز ضلع میں بھی متاثرہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہسپتال میں مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راجن پور کے دور دراز ضلع میں بھی متاثرہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی کو جلد دور کیا جائے گا اور کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تعینات کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور کو اپ گریڈ کرنے کیلئے جلد اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فاضل پور، کوٹ مٹھن اور داجل میں دیہی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرکے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاد رجہ دیں گے جبکہ روجھان کے ہسپتال میں آنکھوں کے علاج معالجے کا وارڈ بنائیں گے۔جام پور اور روجھان کے ہسپتالوں میں گائنی وارڈ بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حفاظت کیلئے پنجاب میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔

عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں۔ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور کوروناسے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے رکھنا بہترین حکمت عملی ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے Punjab Infectious Diseases Prevention & Control Ordinance 2020 نافذ کیا ہے۔

10 ہزار ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف اورہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو چند روز میں 10 ہزار تک لے جائیں گے۔ہماری حکومت نے ریکارڈ مدت میں ایکسپو سینٹر لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا بہترین حل گھرو ں میں رہنا ہے۔

پنجاب کے ہر ضلع میں جا کر خود متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے مہیا کردہ سہولتوں کا جائزہ لے رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں کورونا کے مریضوں کیلئے 5 آئسولیشن وارڈز بنائے گئے ہیں جبکہ دیگر صوبوں سے راجن پور آنے والے 93 ہزار سے زائد لوگوں کی سکریننگ کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں