مسلم لیگ( ق) کا چوہدری پرویزالہی کو وزیراعلی کے طور پر لابنگ کا فیصلہ

قاف لیگ کے اعلی سطحی اجلاس میں‘حکومت سے اتحاد اور سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا اتحادی ہیں مگر مشاورت نہیں کی جاتی. معتبر ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 3 اگست 2020 23:13

مسلم لیگ( ق) کا چوہدری پرویزالہی کو وزیراعلی کے طور پر لابنگ کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست ۔2020ء) مسلم لیگ( ق) کا اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدرات ہوا، جس میں پارٹی کے ایم این ایز نے شرکت کی، مسلم لیگ (ق) کے ہنگامی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے. ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت سے اتحاد اور سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا اجلاس میں گفتگو کی گئی کہ حکومت سے اتحاد تو ہے لیکن کوئی مشورہ نہیں کیا جاتا، جبکہ حکومت کوئی بھی قدم اٹھائے، ہم سے رابطہ نہیں کیاجاتا.

(جاری ہے)

مسلم لیگ( ق) کے اجلاس میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تبدیل کئے جانے کی باتیں ہورہی ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بات چیت کے دوران کہا گیا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اور رہیں گے. اجلاس میں مشاورت کی گئی کہ اگر عثمان بزدار کو تبدیل کیا گیا تو پرویز الہٰی امیدوار ہونے چاہئیں، جبکہ آئندہ اجلاس میں ایم پی ایز کو بھی مدعو کر کے معاملات سامنے رکھے جائیں‘ہنگامی اجلاس میں چودھری پرویز الہیٰ، طارق بشیر چیمہ، سالک حسین، شافع حسین، مونس الہٰی اور حسین الہٰی نے بھی شرکت کی.

ادھروزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سمیت تمام متعلقہ اداروں نے عید کے دنوں میں بہترین کام کیا، بات بات پر تنقید کرنے والے بلاول زرداری اور مراد علی شاہ سردار عثمان بزدار سے بہتر گورننس کے گر سیکھیں. اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر متعارف کرائے گئےان کے ہیش ٹیگ "صاف پنجاب، شکریہ بزدار" کی دھوم رہی ہے اور یہ ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے.

انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں بارش کے پانی کی مسلسل نکاس سے شہری علاقوں میں آمد و رفت میں رکاوٹ نہیں آئی، سب نے دیکھا کہ اداروں نے اپنا کام کسی سیاسی شعبدے بازی اور مداخلت کے بغیر کیا‘فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماضی میں شوباز شریف ذاتی تشہیر کے چکر میں اداروں کو کمزور کرتے رہے، دوسری جانب سندھ حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے بزدار حکومت کے خلاف بھونڈے پراپیگنڈے کرتی رہی.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں