انسان دوستی، ماحول دوستی اور غریب دوستی وزیراعظم عمران خان کی سب سے اہم خوبی ہے‘ فیاض الحسن چوہان

گزشتہ حکومتوں نے درختوں کو نظر انداز کر کے کنکریٹ کی سڑکوں اور پلوں کو اہمیت دی‘صوبائی وزیراطلاعات

اتوار 9 اگست 2020 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام اور ماحول دوست پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے،انسان دوستی، ماحول دوستی اور غریب دوستی وزیراعظم عمران خان کی سب سے اہم خوبی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ پر عمیق نگاہ رکھتے ہیں۔

بلین ٹری سونامی منصوبے کو عالمی لیڈران نے سراہتے ہوئے گیم چینجر منصوبہ قرار دیا تھا۔ اب ٹین بلین ٹری سونامی منصوبہ پاکستان کی آب و ہوا اور ماحول کو ترو تازگی بخشے گا۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے درختوں کو نظر انداز کر کے کنکریٹ کی سڑکوں اور پلوں کو اہمیت دی، اس کا نتیجہ منفی ماحولیاتی تبدیلیوں، ہیٹ سٹروک، اندازے سے زیادہ بارشوں کی صورت میں ہوا۔

(جاری ہے)

آج سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شجر کاری کی ایک اور منزل طے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے پر پنجاب بھر میں 12 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف تھا،بزدار حکومت نہ صرف کھلی جگہوں بلکہ شہروں میں بھی شجر کاری کو اہمیت دے رہی ہے،اربن فاریسٹ سے ماحولیاتی آلودگی اور درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آئندہ نسلوں کو صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان کا تحفہ دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں