فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ اور سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے مطالبات کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

گستاخانہ خاکوں کی تشہیر میں فرانس کے صدر اور حکومت براہ راست شامل ہیں ،عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ‘ متن

پیر 26 اکتوبر 2020 14:54

فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ اور سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے مطالبات کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عقیدہ ختم نبوتﷺ اور ناموس رسالتﷺ کی حفاظت ہم سب مسلمانوں پر لازم ہے۔دنیا میں وقفے وقفے سے تمام مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے اور دل چھلنی کرنے کے لئے آپ ﷺ کی شان میں گستاخی کے حربے اختیار کئے جاتے ہیں۔

جوعالم اسلام کو کسی طور قبول نہیں۔فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر میں فرانس کے صدر اور حکومت براہ راست شامل ہیں جس سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔بلاشبہ ایسی مذموم مہم اسلام کی بے حرمتی اور دنیا بھر کے امن کو سبوتاژ کرنے کے خلاف گھنائونی سازش ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ناموس پر مر مٹنے کو تیار ہیں۔

یقینا فرانس کی جانب سے ایسی حرکت سے دنیا کا امن خراب ہوگا۔پاکستانی قوم فرانسیسی جریدے چارلی ایبڈو، فرانس کے صدر اور حکومت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔عالم اسلام سے مطالبہ ہے کہ فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات مکمل طور پر ختم کئے جائیں،مسلم ممالک تمام فرانسیسی اشیا ء کا بائیکاٹ کیا جائے۔ او آئی سی ، یورپی یونین، اقوام متحدہ اور تمام بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ ہے کہ دنیا کے امن کو قائم رکھنے کے لئے تمام مذاہب کے عقائد اور خصوصاًحضرت محمد مصطفی ﷺ کی ناموس کی حفاظت کے لئے ضابطہ اخلاق وضع کیا جائے اور اس پر عملدرآمد بھی کروایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں