کراچی میں پیش آیا انوکھا واقعہ

جس ڈاکٹر کو ڈاکو نے گن پوائنٹ پر لوٹا زخمی حالت میں اسی کے پاس علاج کے لیے جا پہنچا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 30 اکتوبر 2020 03:08

کراچی میں پیش آیا انوکھا واقعہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر2020ء) انسانیت زندہ ہونے کی ایک نہیں کئی بار مثالیں ملتی ہیں۔اگر ہم اپنے ہی وطن عزیز کے سب سے بڑے شہر کراچی کی بات کر لیں تو وہاں امن و امان کی صورت حال کے علاوہ ڈکیتیوں کی وارداتیں جس تواتر سے پیش آتی ہیں اس حوالے سے کراچی کا شمار دنیا کے چند بڑے خطرناک شہروں میں کیا جاتا ہے۔ہر چند لمحوں بعد گن پوائنٹ پر کسی بھی راہ چلتے شخص کو لوٹ لیا جاتا ہے۔

بینکوں سے لے کر سپر اسٹور تک اور گھروں سے لے کر دفاتر تک کہیں بھی کوئی بھی کسی وقت بھی گن پوائنٹ پر لوٹا جا سکتا ہے۔ گزششتہ دنوں ایک سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوئی تھی جس میں کراچی کے ایک علاقے میں دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو ایک ڈلیوری بوائے کو لوٹتے ہیں۔جس پر لڑکا غمزدہ ہو کر رونے لگتا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر جب ڈاکوﺅں کو اس کی غربت کا پتا چلتا ہے تو وہ بھی اسے دلاسہ دیتے اور رونے لگتے ہیں۔

اس واقعے کو اگرچہ مقبولیت ملی تھی مگر اب اسی کراچی شہر میں ایک اور دلچسپ واقعہ پیش آیا کہ کچھ دن قبل ایک ڈاکو نے ایک ڈاکٹر کو گن پوائنٹ پر لوٹااور فرار ہو گیا۔مگر کچھ دنوں بعد یہی ڈاکو ایک پولیس مقابلے میں زخمی ہوااور گرفتار ہو گیا۔جب اس زخمی ڈاکو کے لیے اسے علاج کی خاطر کراچی کے ایک بڑے اسپتال میں لایا گیاتو ڈیوٹی پر موجود جو ڈاکٹر اس کا علاج کرنے کے لیے پہنچا یہ وہی ڈاکٹر تھا جسے اس زخمی ڈاکو نے چند دن قبل لوٹا تھا۔

کراچی کے علاقے نیو کراچی میں مقابلے کے بعد گرفتار زخمی ڈاکو کو جب عباسی شہید اسپتال لایا گیا تو ڈاکٹر نے اسے پہچان لیاکہ یہ تو وہی نوجوان ہے جس نے چند روز قبل مجھے لوٹا تھا۔ اس موقع پر مسیحا نے اپنا فرض نبھاتے ہوئے ڈاکو کا علاج کیااور انسانیت ایک مرتبہ پھر جیت گئی۔ بعد ازاں ملزم کاشف کو ابتدائی طبی امداد کے بعد وارڈ منتقل کردیا گیاجہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں