آئی جی پنجاب کی زیر صدارت وکٹم سپورٹ آفیسرز کی ٹریننگ ماڈیولز بارے اجلاس

ڈی پی او قصور نے وکٹم سپورٹ آفیسرز کے ٹریننگ ماڈیولز اور چیک لسٹ بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی جرم و زیادتی کے شکار شہریوں سے ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ان سے درکار معلومات حاصل کی جائیں : انعام غنی

جمعہ 15 جنوری 2021 22:05

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت وکٹم سپورٹ آفیسرز کی ٹریننگ ماڈیولز بارے اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ قانون کی یکساں عمل داری کو یقینی بناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع اور شہریوں کو انصاف کی باآسانی فراہمی پنجاب پولیس کی ترجیحات میںشامل ہے جس کیلئے پولیس فورس کو اپنے فرائض فرض شناسی ، جذبہ ہمدردی اور خلوص نیت سے ادا کرنا ہونگے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ماڈرن پولیسنگ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رکھا جائے جبکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ حسن سلوک اور خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کے ازالے کا عمل تیز تر ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ ریجن کے افسران کے ساتھ وکٹم سپورٹ آفیسرز کی تربیت کیلئے گائیڈ لائنز/چیک لسٹ کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ۔

(جاری ہے)

دوران اجلاس وکٹم سپورٹ آفیسرز کے ٹریننگ ماڈیولز اور چیک لسٹ بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دوران اجلاس ڈی پی او قصور عمران کشور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قصور پولیس نے وکٹم سپورٹ آفیسرز کے ٹریننگ ماڈیولز اور چیک لسٹ بارے ابتدائی ڈرافٹ تیار کیا ہے جس میں مختلف جرائم کے شکار متاثرین سے بات چیت اور ڈیلنگ بارے تفصیلی ہدایات بیان کی گئیں ہیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ جرم و زیادتی کے شکار شہریوں سے ہمدردانہ رویہ ،ذہنی کیفیت کے مطابق کونسلنگ اور احساس تحفظ فراہم کرنا ایک پروفیشنل وکٹم سپورٹ آفیسرکے بنیادی فرائض میں شامل ہے جس کی بدولت متاثرین جرم کے فوری صدمے سے نجات حاصل کرکے جرم کے حالات او ر پس منظر بارے درکار سہولیات باآسانی فراہم کردیتے ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ وکٹم سپورٹ آفیسرز اپنی ڈیوٹی کی حساسیت کے پیش نظر اپنے پیشہ ورانہ فرائض کو مکمل ذمہ داری کے ساتھ سر انجام دیں اورجرم ہونے کے بعد متاثرین کی تین بڑی ضرورتوں کو سمجھتے ہوئے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں جن میں وکٹم کا تحفظ ،حقائق و جذبات کے درست اظہارکیلئے مناسب حوصلہ افزائی اورمتوقع حالات و ضروریات کے متعلق بریف کرنا شامل ہیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ وکٹم سپورٹ آفیسرز متاثرین کا اعتماد حاصل کرکے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر کیلئے تفصیلی معلومات حاصل کریںجو کہ مجرموں کی سزایابی میں معاون ثابت ہوجبکہ دوران گفتگو وکٹم سپورٹ آفیسر متاثرین کی ضرورتوں پر بھرپور توجہ دے ، انکی ساری باتیں بغور سنیں اور انکے ساتھ غیر شائستہ رویہ برتنے سے گریز کیا جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ مختلف جرائم بشمول جنسی حملہ و زیادتی ، چائلڈ وکٹمز، گھریلو تشدد کے شکار متاثرین ، بزرگ شہری اور قتل عام سے بچ جانے والے متاثرین سے حالات کی نوعیت کے مطابق ڈیلنگ اور استفسار کیا جائے اور انہیں احساس تحفظ دلاتے ہوئے باہمی اعتماد اور تعاون سے بھرپور معاونت حاصل کی جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ چائلڈ وکٹمز، جنسی حملہ و زیادتی اورگھریلو تشد د کے شکار وکٹمز،عمر رسیدہ (بزرگ )وکٹمزاورقتل عام سے بچ جانے والے متاثرین سے گفتگو بارے ہدایات چیک لسٹ کا حصہ ہیں جس میں وکٹم سپورٹ آفیسرز کو متوقع حالات، ضروریات ، پیشہ ورانہ امور اور گفتگو بارے تفصیلی راہنمائی فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ اپنے فرائض عمدگی سے سر انجام دے کرنہ صرف متاثرین کی مدد و راہنمائی کا باعث بنیں بلکہ ضروری شواہد اور قانونی تقاضوں کے پاسداری کرتے ہوئے مجرمان کی سراغ رسانی اور گرفتاری کے عمل کو تیز تر بنائیں ۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ چیک لسٹ کو مزید جامع بنانے کیلئے حالات و ضروریات کا بغور جائزہ لیا جائے اور دیگر افسران کی سفارشات شامل کرکے اسے مزید بہتر سے بہتر بناکر آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کیا جائے ۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے، ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر ، آر پی او شیخوپورہ ریجن ڈاکٹر انعام وحید اور ڈی پی او قصور عمران کشور سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں