کورونا کے وار جاری ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 54 اموات ہوئیں

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2363 نئے کیسز سامنے آئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جنوری 2021 10:50

کورونا کے وار جاری ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 54 اموات ہوئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2021ء) : ملک بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے باعث 54 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے 2363 نئے کیسز رجسٹرڈ ہوئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 157 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 27 ہزار 146 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 363 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 51 ہزار 603، سندھ میں 2 لاکھ 38 ہزار 470، خیبر پختونخوا میں 64 ہزار 373، بلوچستان میں 18 ہزار 670، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 894، اسلام آباد میں 40 ہزار 430 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 706 کیسز رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

قومی ادارہ صحت کے مطابق دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم پائی گئی۔ دونوں شہری برطانیہ سے وطن واپس آئے۔ وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا کی نئی قسم کے چار مشکوک مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔ چاروں کے ٹیسٹ لے کر این آئی ایچ بھجوا دیے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 4 ہزار 501 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 843، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 811، اسلام آباد میں 460، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 192 اور آزاد کشمیر میں 248 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 9 کروڑ 73 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 20 لاکھ 83 ہزار 257 اموات ہو چکی ہیں۔ دنیا میں کورونا کے 6 کروڑ 98 لاکھ 48 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے اور 2 کروڑ 53 لاکھ 74 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں