گوادر میں ’’گوادر بزنس کانفرنس ‘‘کروانے کے لیے لاہور چیمبر سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا‘ عاصم سلیم باجوہ

سی پیک ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جو پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ چیئرمین سی پیک کی لاہور چیمبر کے صدر سے گفتگو

جمعرات 28 جنوری 2021 19:25

گوادر میں ’’گوادر بزنس کانفرنس ‘‘کروانے کے لیے لاہور چیمبر سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا‘ عاصم سلیم باجوہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح سے ملاقات کے دوران لاہور چیمبر کو گوادر میں ’’گوادر بزنس کانفرنس ‘‘کروانے کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جو پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی لاہور چیمبر کا دورہ کریں کرکے گوادر میں کاروباری مواقع کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف خاص توجہ دی جارہی ہے۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک کا بنیادی مقصد ایک معاشی کاریڈور کی تعمیر کے ذریعے پاکستان اور چین کے لوگوں کو معاشی طور پر خوشحال کرنا ہے، اس منصوبے سے باہمی روابط مستحکم ہونگے، تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے جس سے نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا بلکہ یہ دیگر علاقائی ممالک سے بھی منسلک ہونگے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ یہ عظیم الشان منصوبہ شروع کرنے پر دونوں ممالک خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ پاکستان کی صنعت بھی اس سے فائدہ اٹاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے لیے مقامی خام مال کو ترجیح دی جائے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو ترعیب دی جائے کہ وہ پاکستان میں مقامی وینڈر انڈسٹری ڈویلپ کریں جس کے ذریعے سی پیک کو خام مال فراہم کیا جاسکے، اس سے پاکستان کی چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو بہت فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ میاں طارق مصباح نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کو بھی وہی مراعات اور سہولیات دی جائیں جو باہر کے سرمایہ کاروں کو دی جارہی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں