حکومت ذرائع ابلاغ کو پابند کرے خواتین رشتے داروں کے قتل پر ’’غیرت کے نام پر قتل‘‘کا لفظ استعمال نہ کیا جائے‘قرار دادپنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 25 فروری 2021 14:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2021ء) غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کا معاملہ، حکومت ذرائع ابلاغ کو پابند کرے خواتین رشتے داروں کے قتل پر ’’غیرت کے نام پر قتل‘‘کا لفظ استعمال نہ کیا جائے۔مسلم لیگ(ن) نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں روزانہ کسی شہر میں غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ رپورٹ ہوتا ہے۔غیرت کے نام پر قتل کا بنیادی مقصد عورت کو دبائو میں لانا اور اس کی آواز بندی کرنا ہے۔یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت اخبارات ، ٹی وی چینلزاور ذرائع ابلاغ کو پابند کرے کہ خواتین رشتے داروں کے قتل پر ’’غیرت کے نام پر قتل‘‘کا لفظ استعمال نہ کیا جائے۔ملزم کے ساتھ دیگر قاتل مجرموں جیسا سلوک رکھا جائے اور اس کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہ کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں