بھارت کی آبی دہشتگردی، بگلیہار ڈیم پر دریائے چناب کا پانی روک لیا

بھارت کی آبی جارحیت کی وجہ سے دریائے چناب کا 97 فیصد سے زائد حصہ خشک ہوگیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 مئی 2021 10:45

بھارت کی آبی دہشتگردی، بگلیہار ڈیم پر دریائے چناب کا پانی روک لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2021ء) : بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں پر مظالم تو ڈھاتا ہی ہے، لائن آف کنٹرول پر ہمیشہ بھارت نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی اور کشمیر میں بھی معصوم جانیں لیں لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی یہیں نہیں رکی، اپنی روایتی ہٹ دھرمی کے تحت اب بھارت نے آبی دہشتگردی بھی شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بگلیہار ڈیم پر سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے دریائے چناب کا پانی روک لیا ہے جس کی وجہ سے 55 ہزار کیوسک کی بجائے پانی کم ہوکر 26 ہزار 854 کیوسک ہوگیا ہے ۔ بھارت کی جانب سے پانی روکے جانے پر دریائے چناب کا 97 فیصد سے زائد حصہ خشک ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے دو نہروں اپر چناب میں پانی کا بہائو کم ہوکر 7 ہزار 600 کیوسک اور نہر مرالہ راوی لنک میں پانی کا بہا بارہ ہزار پانچ سو کیوسک ہوگیا ہے۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایری گیشن کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے آنے والے دو دریاؤں دریائے مناور توی کے ایک ہزار دو سو چوراسی کیوسک اور دریائے جموں توی کے دو ہزار 896 کیوسک پانی کے شامل ہونے سے دریائے چناب کے پانی کی آمد 31 ہزار 34 کیوسک رہی تاہم دریائے چناب کے اپنے پانی کی آمد 26 ہزار 854 کیوسک ہے جبکہ بھارت سندھ طاس معاہدہ کے مطابق پاکستان کو ہیڈ مرالہ کے مقام پر ہر روز 55 ہزار کیوسک پانی دینے کا پابند ہے. واضح رہے کہ پانی کی کمی کے باعث ہزاروں ایکٹر اراضی پردھان کی فصل کاشت کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اس سلسلے میں متاثرہ کسانوں نے اس گھمبیر صورتحال کا نوٹس لینے اور مدد کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں