اسکولوں میں تعلیمی سال کا دوارنیہ جون 2022ء تک بڑھا دیا گیا

تعلیمی سال کے دورانیے میں اضافہ عالمی وبا کورونا کے باعث اسکولوں کی مسلسل بندش کی وجہ سے کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 17 ستمبر 2021 15:30

اسکولوں میں تعلیمی سال کا دوارنیہ جون 2022ء تک بڑھا دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2021ء) : محکمہ سکول ایجوکیشن نے تعلیمی سال کے دورانیے میں اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسکولوں کے تعلیمی سال 22-2021ء کے دورانیے کو بڑھا دیا گیا ہے جس کے تحت اب تعلیمی سال کا دورانیہ جون 2022ء تک ہوگا۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ اسکولوں کے سالانہ امتحانات جون میں ہوں گے۔

تعلیمی سال کے دورانیے میں اضافہ عالمی وبا کورونا کے باعث اسکولوں کی مسلسل بندش کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب بورڈز چیئرمینز کمیٹی نے حکومت سے استدعا کی تھی کہ جاری سال میں چھٹیوں کی تعداد اور آئندہ امتحان کے انعقاد سے آگاہ کیا جائے تاکہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ طلباء کا امتحانی نصاب تیار کر سکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو دو ہفتوں کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کے تحت اسکولز میں 50 فیصد حاضری، ماسک لازمی ، لنچ اور پانی کی بوتل بھی بچوں کو ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں تاحال کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ جس کے پیش نظر مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کورونا کو مزید پھیلاؤ سے روکا جا سکے۔

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 68 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار 72 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 18 ہزار 749 ہوگئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 626 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 11 لاکھ 12 ہزار 952 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 960 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں