یقین ہے آئندہ انقلاب تنخواہ دار طبقے کے ذریعے ہی آئے گا، چودھری شجاعت حسین

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ تو سال میں صرف ایک مرتبہ ہوتا ہے لیکن مہنگائی مہینے میں دو مرتبہ بڑھ جاتی ہے وہ کیسے اس ہوشربا مہنگائی کا مقابلہ کر سکتے ہیں

پیر 17 جنوری 2022 23:27

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پچھلے چند سالوں سے ہر لیڈر حکومت میں آنے سے پہلے مہنگائی کا شور تو مچاتا ہے لیکن آج تک کسی نے یہ نہیں بتایا کہ معاشی مسائل کا حل کیسے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے معاشی حالات میں سب سے زیادہ متاثر تنخواہ دار طبقہ ہے، کاروباری طبقہ دو کی چیز چار میں بیچ کر اپنا گھاٹا پورا کر لیتا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آئندہ انقلاب تنخواہ دار طبقے کے ذریعے ہی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری مالکان اپنی چیزوں کی قیمت بڑھا کر منافع کما لیتے ہیں لیکن اپنے اداروں میں کام کرنے والوں کی تنخواہیں نہیں بڑھاتے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ تو سال میں صرف ایک مرتبہ ہوتا ہے لیکن مہنگائی مہینے میں دومرتبہ بڑھ جاتی ہے وہ کیسے اس ہوشربا مہنگائی کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن بغیر کسی سیاسی تفریق کے مل کر عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں