پنجاب میں گہری دھند‘ معمولات زندگی شدید متاثر

صوبے بھر میں موٹر وے کو کئی مقامات سے بند کردیا گیا ‘ لاہور اور سیالکوٹ ائیر پورٹ پر فلائٹ شیڈول متاثر ہونے سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 جنوری 2022 11:11

پنجاب میں گہری دھند‘ معمولات زندگی شدید متاثر
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2022ء ) صوبہ پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں گہری دھند کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئے ، صوبے بھر میں موٹر وے کو کئی مقامات سے بند کردیا گیا ، لاہور اور سیالکوٹ ائیر پورٹ پر فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہے اور متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موٹروے پولیس کا کہا ہے کہ موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے سالم تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ہے ، موٹروے ایم ٹو کوٹ مومن سے لِلہ انٹر چینج تک اور موٹروے ایم 3 لاہور سے درکھانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے ، اسی طرح موٹروےایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اوکاڑہ شہر اور نواحی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے حدنگاہ انتہائی کم ہوگئی ، جی ٹی روڈ، فیصل آباد روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے ، چونیاں میں دھند کے باعث قصور ، دیپالپور روڈ ، لنک روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے ، گوجرانوالہ سرگودھا جی ٹی روڈ پرٹریفک کی روانی متاثر ہے اور موٹروے انٹرچینج پر ٹریفک کی روانی بھی سست روی کا شکارہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دو روز قبل بھی صوبہ پنجاب میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازیں اڑان نہ بھر سکیں ، حکام نے مسافروں کو اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کرکے ایئرپورٹ آنے کا مشورہ دیا کیوں کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بُری طرح متاثر ہوا ، ایئرپورٹ پر حد نگاہ 800 میٹر سے بھی کم رہ گئی ، جس کی وجہ سے لاہور سے دوحہ جانے والی پرواز کیو آر621 تاخیر کا شکار ہوگئی جب کہ لاہور سےٹورنٹو جانے والی فلائٹ پی کے 789 بھی اپنے مقررہ وقت پر پرواز نہ کرسکی۔

بتایا گیا کہ لاہور سے استنبول جانے والی پرواز ٹی کے 715 دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی اور لاہور سے متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ جانے والی پرواز جی نائن 853 کو بھی دھند نے اڑان بھرنے سے روک دیا ، اسی طرح دوحہ سے لاہور آنے والی پرواز کیوآر 620 دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی اور استنبول سےلاہور آنے والی پرواز ٹی کے 715 اور راس الخیمہ سے لاہور آنے والی پرواز جی نائن 852 بھی اپنے مقررہ وقت تک لاہور نہ پہینچ سکی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں