پنجاب کے مختلف شہروں میں 7 جولائی تک بارشوں کا امکان

موسلادھار بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 جولائی 2022 17:37

پنجاب کے مختلف شہروں میں 7 جولائی تک بارشوں کا امکان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جولائی 2022ء ) صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 7 جولائی تک بارشوں کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 7 جولائی تک بارشیں ہوسکتی ہیں ، موسلادھار بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے جب کہ بارشوں کے باعث راولپنڈی میں ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے حوالے سے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے ، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے ، دفعہ 144 وفاقی دارالحکومت میں نشیبی علاقوں کے حوالے سے جاری کی گئی ہے جب کہ اسلام آباد میں کورنگ نالہ ، راول اور سملی ڈیمز کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ بارشوں سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات سے بچاؤ کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے ، عوام کے وسیع تر مفاد میں یہ نوٹی فکیشن آج سے ہی فوری طور پر نافذ العمل ہوگا ، اس کے علاوہ مون سون بارشوں کے حوالے سے ایمرجنسی نمبر کا اجراء بھی کر دیا گیا ہے ، بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال میں شہری 16 پر کال کرکے اطلاع دے سکتے ہیں۔

ادھر کوئٹہ کو بھی طوفانی بارش سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جہاں سریاب اور مشرقی بائی پاس کے علاقوں سمیت کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں ، شہر کے مصروف ترین و کاروباری شاہراہیں سیوریج کے پانی سے دریا کا منظر پیش کرنے لگی ، پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہو گیا ، سریاب روڈ کے قریب مکانات کی چھتیں گر گئیں جس سے 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

دوسری طرف خلیج بنگال سے آنے والا مون سون بارشوں کا سسٹم تاحال سندھ میں موجود ہے جہاں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کراچی میں سرجانی ٹاؤن میں27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، کھارادر کے اطراف بھی بارش ہوئی، مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، کراچی میں ہونے والی بارش سے سندھ اسمبلی کی چھت بھی ٹپکنے لگی ، جس پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں