پیٹرولیم مصنوعات پرٹیکس، لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کر لیا

جمعہ 2 جنوری 2015 13:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 2جنوری2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات پر پانچ فیصد سیلز ٹیکس اضافے کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے پیٹرولیم مصنوعات پر پانچ فیصد سیلز ٹیکس اضافے کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ غیر قانونی ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں جبکہ پاکستانی حکومت عالمی منڈی کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم نہیں کررہی۔

(جاری ہے)

حکومت کو ایس آر او کے ذریعے سیلز ٹیکس میں اضافے کا اختیار نہیں ہے، صرف پارلیمنٹ ہی کسی بھی ٹیکس میں اضافہ یا نیا ٹیکس عائد کرسکتی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں عائد سیلز ٹیکس میں پانچ فیصد اضافہ غیرآئینی اور غیرقانونی قراردیا جائے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصیر بھٹہ پیش ہوئے۔عدالت نے وفاقی حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی جواب 7جنوری کو طلب کر لیاجبکہ احکامات جاری کیے کہ آئندہ سماعت پر سیلز ٹیکس میں اضافے کی وجوہات بتائی جائیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں