پرویز الٰہی کو کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا اقدام چیلنج

سابق وزیراعلٰی پنجاب کو مقدمے سے بری کرنے کا حکم قانون کے برعکس ہے،لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 8 جون 2023 15:52

پرویز الٰہی کو کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا اقدام چیلنج
لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 08 جون 2023ء) پرویز الٰہی کو کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن سے متعلق کیس میں ڈسچارج کرنے کے حکم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے،پراسیکوٹر جنرل نے درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ سے تحقیقات کیلئے پرویز الٰہی کا اینٹی کرپشن نے جسمانی ریمانڈ مانگا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کو مقدمے سے ہی ڈسچارج کر دیا،سابق وزیراعلٰی کو مقدمے سے بری کرنے کا حکم قانون کے برعکس ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پرویز الٰہی کو مقدمے سے بری کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کی مقامی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کی طرف سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر محفوظ فیصلہ سنایا،ڈیوٹی مجسٹریٹ جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے کیس کی سماعت کی۔ اینٹی کرپشن حکام نے چوہدری پرویز الہی کو عدالت میں پیش کیا اور چوہدری پرویز الہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری پرویز الہی کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں چودہ روز کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ اینٹی کرپشن حکام نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی طرف سے چوہدری پرویز الہی کا جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں