تاریخ کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے نہ ڈیل !

پُرتشدد کاروائیوں سے پاکستان کے دشمنوں کو قوم کا مذاق اڑانے کا موقع دیا گیا، اب وہی سازشی عناصر ڈھٹائی سے بیانیہ توڑ مروڑ کرریاست کو ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کورہیڈکوارٹرز میں خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 9 مئی 2024 19:24

تاریخ کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے نہ ڈیل !
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی 2024ء) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید حافظ عاصم منیر نے کہا ہے کہ تاریخ کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے نہ ڈیل، پرتشدد کاروائیوں سے پاکستان کے دشمنوں کو قوم کا مذاق اڑانے کا موقع دیا گیا، اب وہی سازشی عناصر ڈھٹائی سے بیانیہ توڑ مروڑ کرریاست کو ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے آج 9مئی کو لاہور گیریژن کا دورہ کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا ء پر پھول رکھے، آرمی چیف نے مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔کورہیڈکوارٹرز لاہورمیں آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ بھی دی گئی، آرمی چیف نے افسران اور فوجی جوانوں کو قوم کیلئے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کورہیڈکوارٹرز لاہورمیں گیریژن آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے ڈیجیٹل ٹیررازم کررہے ہیں، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، قوم کی حمایت سے ان قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، پاک فوج کا ہرسپاہی اور افسراپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتا ہے، پاک فوج کا ہرسپاہی اور افسرروزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہے ہیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن رہے گا، اس دن شرپسندوں نے شہداء کی یادگاروں کی دانستہ بے حرمتی کی ، اس دن شرپسندوں نے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا کہ تاریخ کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے نہ ڈیل، وہ لوگ مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد نہیں سمجھ سکے، انہیں منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا،ان ورغلائے ہوئے افراد کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جاچکا ہے، اس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنماء خود کو معصوم ظاہر کرتے ہیں، انہیں اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا، خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت بھی ہیں۔

شہداء اور ان کے اہلخانہ اور ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9مئی کے منصوبہ سازوں ، سہولتکاروں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پرتشدد ، مذموم کاروائیوں سے پاکستان کے دشمنوں کو قوم کا مذاق اڑانے کا موقع دیا گیا، اب وہی سازشی عناصر ڈھٹائی سے بیانیہ توڑ مروڑ کرریاست کو ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں