نارووال میں نوجوان کی ہلاکت پر پنجاب حکومت نے وضاحتی بیان جاری کر دیا

مریم نواز 18اپریل کوہیلی کاپٹر کے ذریعے کرتارپور پہنچی تھیں، وزیراعلیٰ کے حکم پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نوجوان کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کردی ہیں،ترجمان پنجاب حکومت

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 اپریل 2024 11:12

نارووال میں نوجوان کی ہلاکت پر پنجاب حکومت نے وضاحتی بیان جاری کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل2024 ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سکواڈ کے گاڑی کی مبینہ ٹکر سے نارووال میں نوجوان کے جاں بحق ہونے والے معاملے پر پنجاب حکومت نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ حادثہ جب ہوا تووزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سیکیورٹی سکواڈ کے ساتھ سفر نہیں کر رہی تھی، مریم نواز 18اپریل کوہیلی کاپٹر کے ذریعے کرتارپور پہنچی تھیں۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے حکم پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نوجوان کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور حادثے میں ملوث گاڑی کی شناخت اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔پنجاب حکومت نے اپنے وضاحتی بیان میں مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو جیسے ہی حادثے کی اطلاع ملی انہوں نے اس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے نارروال کے ڈپٹی کمشنر نارووال کے ڈی ایس پی ملک محمد خلیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے، جس میںان کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابوبکر کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے زمین پر گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس کے بعد وہ سرکاری گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔ڈی پی او نوید ملک کا کہنا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی تلاش جاری ہے تاہم ابھی تک انہیں اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ابوبکر کو ٹکرانے والی سرکاری گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پروٹوکول سکیورٹی سکواڈ کی گاڑی کی مبینہ ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ہلاک ہونے والے نوجوان ابوبکر کی لاش کوڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیاگیاتھا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نارووال کا کہنا تھا کہ نوجوان نارووال کے علاقے چندووال میں وزیراعلیٰ کی سکیورٹی سکواڈ کی گاڑی کی مبینہ ٹکر سے جاں بحق ہواہے۔

وزیراعلیٰ کی سکیورٹی کیلئے گاڑیاں کرتارپور جارہی تھیں جب مبینہ طور پر ایلیٹ فورس کی گاڑی اوور ٹیک کرتے ہوئے موٹر سائیکل سے ٹکرائی جس سے نوجوان ابوبکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔ موٹر سائیکل سوار نوجوان کی موت موٹر سائیکل سے ٹکر سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے موٹر سائیکل سوار کی تلاش جاری ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں