ضمنی الیکشن کے دوران موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہنے کا امکان

پنجاب حکومت نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کی سفارش کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 اپریل 2024 11:43

ضمنی الیکشن کے دوران موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہنے کا امکان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2024ء ) ضمنی الیکشن کے دوران موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش کی ہے، اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 13 اضلاع و تحصیلوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کی جائے۔

بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ کے خط کی کاپی چیف سیکرٹری، آئی جی، چیئرمین پی ٹی اے کو بھی ارسال کردی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے دوران لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات، علی پور، ظفروال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پورچٹھہ، کوٹ چٹھہ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی جائے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ قومی اسمبلی کے 5 اور 16 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کل 21 اپریل بروز اتوار کو ہوں گے، اس دوران پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، بلوچستان میں پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی 21 اپریل کو ہوگی جب کہ این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈی آئی خان، این اے 119 لاہور، این اے 132 قصور اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں ضمنی انتخاب ہوگا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے 12 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 174 امیدوار مدمقابل ہیں جہاں ووٹرز کی تعداد 40 لاکھ 44 ہزار 552 ہے، پنجاب میں 2 ہزار 601 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جب کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے 2 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار ووٹرز ہیں اور یہاں 49 امیدوار میدان میں ہیں جس کیلئے 892 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 139 حساس ہیں۔

الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ صوبہ سندھ میں ضمنی انتخابات کے لیے این اے 196 میں 2 امیدوار میدان میں ہیں، 4 لاکھ 23 ہزار 781 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے اور یہاں 303 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 158 حساس ہیں، اسی طرح صوبہ بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں 20 اور 22 میں ضمنی الیکشن ہوگا، صوبے میں 3 لاکھ 96 ہزار 246 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، 354 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں