حالیہ بارشوں کے باعث تباہی ، پنجاب حکومت نے 6 ٹرک کھانے پینے کا سامان خیبرپختونخواہ میں بھجوا دیا

جمعہ 3 مئی 2024 16:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کے پی کے انتظامیہ اور وزیراعلی بس دھمکیاں دیتے ہیں، وہ اڈیالہ کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخواہ کے لوگوں کا بھی سوچیں ، میں نے آج تک نہیں سنا کہ وہاں کوئی پراجیکٹ شروع ہوا ہو،گندم کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف انکوائری کروارہے جلد تحقیقات قوم کے سامنے آئیں گی۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت میں افسوسناک واقعہ ہوا جہاں 20افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد کے ورثا سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتی ہوں، خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث بہت تباہی ہوئی، وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے 6ٹرکوں میں امدادی سامان بھیجا جارہا ہے، یہ 6امدادی ٹرک خیبرپختونخوا کے 2500متاثرہ خاندانوں کو ریلیف دیں گے۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ تکالیف سانجھی ہوتی ہیں، بارشوں اور نامساعد حالات میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، خیبر پختونخوا کے وزیراعلی نے آج تک صرف گالیاں دی ہیں یا دھمکیاں، آج تک نہیں سنا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی پراجیکٹ شروع کیا ہو، وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے 38منصوبے بتاسکتی ہوں، ایئر ایمبولینس کو پہلے تنقید کا نشانہ بنایا پھر کہا ہم بھی شروع کریں گے، خیبر پختونخوا کے لوگوں کو دریا پار کرنے کیلئے پل نہیں ملے، وہاں کے لوگ آج تک ڈولیوں میں سفر کرتے ہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے خیبرپختونخواحکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اڈیالہ کے مکینوں کی بہت فکر ہے، اڈیالہ کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کے لوگوں کی بھی فکر کریں، خیبر پختونخوا کے لوگوں کو ریلیف دینا بھی آپ کی ذمہ داری ہے، پنجاب نے ایک بار پھر بڑا بھائی ہونے کا ثبوت دیا ہے، یہ سامان ہم خیبر پختونخوا کے وزیراعلی کو نہیں بھیج رہے، پہلے بھی جب آتشزدگی کا واقعہ ہوا تھا تو وہ گھر کے لان میں کرکٹ کھیل رہے تھے، اب نان بائیوں کونہیں، ہمیں ہڑتال پر چلے جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب تو 20کلوآٹے کے تھیلے پر 800روپے اور کمی ہوگئی ہے، پٹرول بھی 5روپے سستا ہوگیا ہے، ہم کاشتکاروں کو استعمال نہیں ہونے دیں گے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ میاں نوازشریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم ہیں تمام حکومتوں کو انکے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے، تمام فیصلے میاں نوازشریف کی مرضی سے ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹیوں کا معاملہ ایک دو دن میں حل ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق پولیس اور تمام سکیورٹی فورسز متحرک ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں