صدر مملکت ملک کی موجودہ صورتحال میں مفاہمت کیلئے اپنا کردار ادا کریں ‘ پاکستان علماء کونسل

ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال کی بہتری کیلئے سیاسی استحکام اور اداروں کے درمیان مفاہمت ہونی ضروری ہے سیاسی استحکام سے جو کوششیں ایس آئی ایف سی کے ذریعے معاشی استحکام کیلئے ہو رہی ہیں ان میں بہتری آئے گی‘ چیئرمین طاہر اشرفی

اتوار 19 مئی 2024 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) پاکستان علما ء کونسل نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال میں مفاہمت کیلئے اپنا کردار ادا کریں ، ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال کی بہتری کیلئے سیاسی استحکام اور اداروں کے درمیان مفاہمت ہونی ضروری ہے، سیاسی استحکام سے جو کوششیں ایس آئی ایف سی کے ذریعے معاشی استحکام کیلئے ہو رہی ہیں ان میں بہتری آئے گی ، سپہ سالار قوم جنرل حافظ سید عاصم منیر اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف معاشی استحکام کیلئے جو کوششیں کر رہے ہیں ان کو مضبوط اور مربوط بنانے کیلئے مفاہمت اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے اور تصادم اور محاذ آرائی ختم ہونی چاہیے ۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علماکونسل حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ زبیر عابد ،مولانا محمد اشفاق پتافی، پیر خلیل ابراہیم ، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا عبد الحکیم اطہر، مفتی سید نسیم الاسلام، مولانا قاری مبشر رحیمی اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں قدم بڑھائیں اور ملک میں مذاکرات اور مفاہمت کا راستہ ہموار کرنے کی کوشش کریں ، پاکستان میںسرمایہ کاری کیلئے وزیر اعظم اور آرمی چیف کی کوششوں سے عرب اسلامی دنیا کی حکومتیں اور بزنس مین آ رہے ہیں ۔

ہمیں ماحول کو بہتر اور سازگار بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور اداروں کے درمیان کشیدگی کسی صورت مناسب نہیں ، عدلیہ کو انصاف کو ہر صورت یقینی بنانا چاہیے ، وہ جج صاحبان جن کا موقف ہے کہ اداروں نے مداخلت کی ان کے گذشتہ فیصلوں پر بھی سوالیہ نشان لگے گا ۔قوم یہ سوال بڑے ادب سے کرتی ہے کہ 9 مئی کے مجرمین کو ابھی تک سزا کیوں نہیں ملی، انہوں نے کہا کہ نو مئی کے مجرمان کا کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، اگر ریاست کو انصاف نہیں ملا تو پھر عام آدمی کہاں سے انصاف لے گا، یہ سوال اہم ہے کہ نو مئی کے ملزمان کو ابھی تک سزا نہیں ہوئی ۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کرغزستان واقعہ پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا پر بچیوں کے ساتھ ریپ اور طلبہ کے قتل و غارت کی جھوٹی خبروں سے والدین پریشان ہوئے محسن نقوی ایف آئی اے کے ذریعے ایسے لوگوں کو گرفت میں لائیں۔ فیک نیوز کے ذریعہ جن لوگوں نے چلایا کہ ریپ ہوا یا پانچ نوجوان شہید ہوئے تو ان کے خلاف بھی ایکشن ہوگا یا نہیں یہ تو آزادی اظہار نہیں ہے، بہاولپور یونیورسٹی واقعہ میں یوٹیوب یا ویوز لینے کیلئے ساڑھے چار سو بچی ریپ والا الزام لگایا گیا جو جھوٹا ثابت ہوا، حکومت کی مخالفت میں جھوٹی خبریں چلوائی گئیں ایف آئی اے بچوں کی شہادت اور ریپ والی خبر پر ایکشن لے،محسن نقوی ایف آئی اے کو حکم دیں جنہوں نے جھوٹی خبریں چلوائیں ان کے خلاف سخت ایکشن لے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کاکہناتھاکہ حج کیلئے وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر پرائیویٹ آرگنائزیشن ہوپ نے مکہ منی میں شکایت سیل قائم کر دئیے ہیں اب روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت حجاج کرام کی امیگریشن اور سامان اسلام آباد اور کراچی میں ہی کسٹم ہو جائے گا۔انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جو حاجی حج کیلئے جاتے ہیں وہ سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واردیت سے گریز کریں، وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آرگنائزیشن ہوپ مل کر کوششیں کر رہے ہیں کہ حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ملیں ، پرائیویٹ حجاج کو معاہدے کے مطابق سہولتیں نہ دینے والے گروپ کے خلاف ایکشن ہو گا، اس حوالہ سے مک المکرمہ ، منی میں شکایت سیل قائم کر دئیے گئے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضرور پوچھیں دبئی والی پراپرٹی کہاں سے آئی دبئی میں جن لوگوں کی پراپرٹی ہے ان کو بتانا چاہیے کہ وہ کیسے بنائی گئی ہے ، نیب اور ملک کے دیگر اداروں کو تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے اس کا حساب لینا چاہیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں