ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد ،راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش ، گرمی کا زورٹوٹ گیا تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں، بجلی کی تنصیبات اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں. پی ڈی ایم اے کاالرٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 جون 2026 16:24

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جون ۔2026 ) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرم اور مرطوب موسم کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی.

اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ، جڑواں شہروں میں آ ئندہ 24گھنٹوں میںمزید بارش کا امکان ہے خیبر پختونخوا، کشمیر،جنوبی پنجاب،بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی تیز ہواﺅں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے.

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں موسم گرم رہے گا جبکہ مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ میں تیز بارش متوقع ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے اسی طرح سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ اور باجوڑ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور کرم کے مختلف مقامات پر بھی بارش متوقع ہے.

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے حساس علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے ادارے نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے. پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں، بجلی کی تنصیبات اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں کسانوں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے.

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے شمال مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا محکمہ موسمیات نے ژوب، شیرانی، زیارت، کوہلو، نصیر آباد، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، سبی، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے ماہرین کے مطابق بعض علاقوں میں تیز ہواﺅں اور موسلادھار بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں. 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں