پاکستان کا مستقبل روشن ہے ،حکومت تمام اقتصادی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے گی‘ 2018ء تک لوڈشیڈنگ پر مکمل قابو پالیں گے، عوام نے دھرنوں اور احتجاجی سیاست کو مسترد کردیا ، احتجاج کو آئین اور جمہوریت کے اندر رہ کر کرنا چاہئے

پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال کی پنجاب یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 25 نومبر 2016 18:01

لاہور۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں تمام اقتصادی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی‘ دھرنے اور احتجاج سیاسی جماعتوں کا آئینی و جمہوری حق ہے جس کو آئین کے اندر رہتے ہوئے استعمال کرنا چاہئے‘ ملک میں تبدیلی صرف ووٹنگ کے ذریعے ہی آنی چاہئے کیونکہ عوام نے دھرنوں اور احتجاجی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔

وہ جمعہ کے روز پنجاب یونیورسٹی کے ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام ’’تعلیم میں تحقیق‘‘ پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا اقتصادی مستقبل روشن ہے اور حکومت تمام اقتصادی منصوبوں کو پایہ تکمیل پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2018ء تک ملک میں لوڈشیڈنگ پر مکمل قابو پالیا جائیگا جس کیلئے حکومت نے متعدد پاور پراجیکٹس شروع کئے ہیں جن میں سے متعدد منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے ان منصوبوں کو کیوں شروع نہیں کیا جبکہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک سے اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے دن رات کام شروع کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آبی وسائل پر بھی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور اس وقت بھاشا ڈیم‘ داسو ڈیم سمیت متعدد ڈیموں پر کام جاری ہے۔ پی پی پی کی احتجاجی کال کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتجاج تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے مگر احتجاج کو آئین اور جمہوریت کے اندر رہ کر کرنا چاہئے‘ کوئی بھی ایسی تحریک جو جمہوریت کیخلاف ہواس کو عوام نے رد کر دیا ہے اور عوام چاہتی ہے کہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے۔

انہوں نے کہا کہ 3 سال قبل ملک کو دہشت گردی کا سامنا تھا لیکن آج حکومت اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کوششوں سے دہشت گرد چھپتے پھر رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں