متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، تصدیق بھی کردی گئی

متاثرہ شخص 37 سالہ چینی شہری ہے، امارات میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہوگئی

Ahmad Tariq احمد طارق اتوار 16 فروری 2020 22:10

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، تصدیق بھی کردی گئی
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے اتوار کے روز تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق متاثرہ شخص 37 سالہ چینی شہری ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

امارات میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے جس میں سے 3 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوگئے ہیں، بقیہ 6 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بھارت، ایک کا فلپائن جبکہ باقی 4 کا تعلق چین سے بتایا جارہا ہے۔ حکام نے اس حوالے سے کہا تھا کہ ایک مریض کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی 5 مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

اماراتی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور متاثرہ افراد کو علاج فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین کیس میں جو شخص کرونا وائرس سے متاثر نکلا ہے اس کا علاج جاری ہے اور فی الحال اس کی حالت بھی بہتر ہے۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے دنیا کے مختلف ممالک میں تباہی مچادی ہے، جس کے باعث مختلف ممالک میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ووہان میں کرونا وائرس سے ہونیوالی ہلاکتیں بتائی گئی تعداد سے بہت زیادہ ہیں۔

ووہان کے ہسپتال کی ایک میڈیکل ورکر نے دعویٰ کیا ہے کہ کرونا وائرس سے ہلاکتیں بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ جو لوگ ٹیسٹ کے انتطار میں ہی وائرس سے ہلاک ہو جاتے ہیں ان کو کرونا وائرس کا شکار نہیں سمجھا جاتا۔ چین کے ہسپتال کی ایک ملازم نے کرونا وائرس سے متعلق بتایا ہے کہ چین میں کرونا وائرس کی صورتحال بہت سنگین ہے۔ ہسپتال ہر آنے والے مریض کا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

چینی حکومت کے مطابق 24 ہزار سے زائد لوگوں کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں تاہم یہ فیگر بھی متنازعہ ہے۔ میڈیکل ورکر کی جانب سے دعویٰ کیا ہے کہ صرف ووہان شہر میں 90 ہزار سے زائد لوگ کرونا وائرس ے متاثر ہوئے ہیں۔ وائرس پر قابو پانے کیلئے چین کے سیاحتی مقام پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے، لوگوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص سیاحتی مقام کا رخ نہ کرے۔ کرونا وائرس نے جہاں دوسرے ممالک میں بھی تباہی مچائی وہیں متحدہ عرب امارات میں بھی کرونا وائرس کے 9 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں