شہدائے پولیس کے لواحقین کی ویلفیئر کیلئے مثالی اقدامات جاری ہیں،ڈی پی او وہاڑی

پیر 16 اپریل 2018 21:04

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر شہدائے پولیس کے لواحقین کی بہترین ویلفیئر کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میںمثالی اقدامات جار ی ہیں، اسی سلسلے میں ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک نے شہید ہیڈ کانسٹیبل حق نواز کی بیٹی اور بیٹے کی شادی کی میزبانی کرتے ہوئے نہ صرف شادی پر ہونے والے اخراجات خود برداشت کئے بلکہ تمام انتظامات بھی اپنی زیر نگرانی کروائے،تفصیلات کے مطابق وہاڑی پولیس کے ہیڈ کنسٹیبل حق نواز 1998ء میں پپلی اڈہ میں ڈاکوؤں سے پولیس مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے تھے جس کے بعد سے وہاڑی پولیس انکے اہل خانہ کی بہترین کفالت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔

گذشتہ روز وہاڑی پولیس کی جانب سے اپنے بہادر سپوت ہیڈ کانسٹیبل حق نواز کی بیٹی اور بیٹے کی شادی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک نے تمام مہمانوں کوخوش آمدید کہا ، اس موقع پرڈی پی او وہاڑی نے شہید کی بیٹی کو شادی کے حوالے سے گفٹ اور 1لاکھ کا چیک دیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زندہ اور غیور اقوام اپنے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں،وہاڑی پولیس کے جانبازشُہداء پولیس کافخر ہیںاوروہاڑی پولیس ہر موقع پر ان کے وارثان کے ساتھ شانہ بشانہ موجود رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وہاڑی پولیس اپنے بہادر شہدا کے لواحقین کی ویلفیئر کیلئے اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔ اس موقع پر شہید کے بچوں نے کہا کہ ڈی پی او وہاڑی کے دست شفقت نے باپ کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیااورانکے اس احسن اقدام پر انکی پوری فیملی تہہ دل سے پنجاب پولیس کی مشکور ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں