ولید اقبال این اے 131سے ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے

عمران خان کی خالی ہونیوالی نشست پر انکاانتخاب لڑناقیادت کے اعتماد اور ووٹرز کی محبت کا بڑا ثبوت ہے این اے 131پر ایک بار پھر تحریک انصاف کامیاب ہوگی ، تقریب سے خطاب

اتوار 12 اگست 2018 23:10

ولید اقبال این اے 131سے ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال این اے 131سے ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے، یہ اعلان گذشتہ روز اظہار تشکر کی تقریب میں کیاگیا جس کا اہتمام ولید اقبال نے کیا تھا۔ تقریب میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اعجاز احمد چوہدری، سعدیہ سہیل، نعیم الحق، شیخ امتیاز احمد، روبینہ عزیز، ملک عثمان حمزہ، طاہر رشید چوہدری، اویس یونس، میاں اویس انجم، آپا صادقہ، محمد مدنی اور دیگر رہنما اور کارکنان کثیر تعداد میں موجو د تھے۔

ولید اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی خالی ہونیوالی نشست پر انکاانتخاب لڑناقیادت کے اعتماد اور ووٹرز کی محبت کا بڑا ثبوت ہے۔ اب این اے 131پر انشاء اللہ ایک بار پھر تحریک انصاف کامیاب ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیکر نوسر بازوں،ڈرامے بازوں اور چوروں ٹھگوں کا بستر گول کردیا ہے، اب بازی باشعور عوام کے ہاتھ میں آگئی ہے جو ملک کو مزید بحران میں مبتلا ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔

انہوں نے کہاکہ جنہیں عوام نے عام انتخابات میں مسترد کیا انہیں چاہئے کہ وہ اپنی خامیوں اور کوتاہیوں پر نظرثانی کریں ناکہ جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کیلئے غیر ملکی طاقتوں کے آلہ کار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے عوام کا معیار زندگی تبدیل کرے گی، اور اب گرین پاسپورٹ کی عزت ہوگی، جن لوگوں نے ملک کو لوٹا اب ان کے پیٹ سے پیسہ نکلوائیں گے، شریف گینگ جاتے جاتے معیشت کا ستیاناس کرگیا تاکہ بعدمیں آنیوالی حکومت کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے لیکن ہم عوام کے تعاون اور اپنے خدمت کے جذبے سے پانچ سال میں ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ انشاء اللہ ضمنی انتخاب میں بھی فتح پی ٹی آئی کی ہوگی۔عوام نے ملک کو کنگال کرنیوالوں کو ماضی بنادیا، تحریک انصاف کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام شکست خوردہ اکٹھے ہوگئے ہیں، عوامی مینڈیٹ کے ساتھ ملک کی تقدیر بدلیں گے، وطن کے مزدوروں، محنت کشوں اور سفید پوشوں کو نچوڑکر اپنے خاندان سنوارنے والوں کا ٹھکانہ اب جیل ہوگا،پڑھے لکھے نوجوانوں اور تجربہ کار افراد کو تحریک انصاف عزت دے گی اور ان سے ملک کی خدمت کا کام لیا جائے گا، اب جتنا بڑا چور اتنی بڑی وزارت والی پالیسی نہیں چلے گی۔

پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا کہ غیر ملکی قوتوں کا آلہ کار بن کر پاکستان کے اندر بدنظمی اور افراتفری کا ماحول پیدا کرنیوالوں کا محاسبہ عوام خود کریں گے کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ ملک کے مفاد میں کون ہے اور دشمن کون انہوں نے کہا کہ این اے 131سے تحریک انصاف کو حلقہ کے عوام ایک بار پھر کامیاب کرائیں گے کیونکہ گینگ کلچر ملک کے مفاد میں نہیں، اب ملک کی باگ دوڑ صرف اہل وطن اور محب وطن ہی سنبھالیں گے۔ ولید اقبال نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے ورکرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے چیئرمین عمران خان کیلئے دن رات محنت کرکے کامیابی دلانے میں اپنا کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ کارکنان ایک بار پھر کمر بستہ ہوجائیں کیونکہ یہ سیٹ ایک بار پھر جیت کر عمران خان کو تحفہ دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں