ْوزیر اعظم نے ڈی چوک والی تقریر دہرا کر اپوزیشن کے لئے گنجائش نہیں چھوڑی، پیر اعجاز ہاشمی

ہفتہ 18 اگست 2018 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ متنازع الیکشن کے ذریعے ہی سہی ،عمران خان وزیر اعظم کے منصب پر پہنچ گئے ہیں۔ انہیں اب اپنے کئے گئے وعدے پور ے کرنے چاہیں۔عوام منتظر ہیں کہ وہ 100دن کا ایجنڈا کس طرح پورا کرتے ہیں۔ بہتر ہوتا کہ وہ وزیر اعظم کے عہدے کے الیکشن کے بعد وہ تلخی پیدا نہ کرتے اور تحمل کا مظاہرہ کرتے تو شاید اپوزیشن بھی ان کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوتی۔

مگرالیکٹیڈ کی بجائے سلیکٹیڈ وزیر اعظم نے ڈی چوک والی تقریر دہرا کر اپوزیشن کے لئے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی۔بہتر ہوتا کہ پیپلز پارٹی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کے مطابق میاں شہباز شریف کو وزیر اعظم کا ووٹ دیتی تو اپوزیشن کے منشتر ہونے کا تاثر نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

مگر عملی طور پرواضح ہوگیا ہے کہ حکومت کمزور اور اپوزیشن تقسیم ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاوس میں عمران خان کی تقریر مایوس کن تھی ۔نہیں لگتا تھا کہ وہ وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں۔ ان کی باڈی لینگوئج بھی بتارہی تھی کہ وہ خود نہیں آئے لائے گئے ہیں۔ جو شخص اسلامی تعلیمات کی اہم اصلاحات کو ادا نہ کرسکے اور حلف کے الفاظ کی ادائیگی صحیح نہ کرسکے تو وہ کیا کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں