امت مسلمہ کے مسائل کا حل اتحاد اور وحدت میں ، پاکستان سعودی عرب تعلقات کو کوئی قوت غیر مستحکم نہیں کر سکتی ، مقررین

منگل 25 ستمبر 2018 20:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) امت مسلمہ کے مسائل کا حل اتحاد اور وحدت میں ہے ، پاکستان سعودی عرب تعلقات کو کوئی قوت غیر مستحکم نہیں کر سکتی ، سعودی عرب کی طرف سے سی پیک میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں،ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے ہرپاکستانی سعودی عرب کی عوام اور حکومت کے ساتھ ہے وحدت امت ہی امت مسلمہ کی بقاکی ضامن ہے ،مدارس عربیہ دین اسلام کی خدمت کر رہے ہیں ان کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے گا، یہ بات پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام ہونے والی وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ، کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی نے کی ،کانفرنس سے سعودی عرب کے نائب سفیر حبیب اللہ بخاری ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، رابطہ عالم اسلامی پاکستان میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدہ عتین ، اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز ،جنرل (ر) امجد شعیب ، مولانا عبد الحمید وٹو، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا عبد الحمید صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان ، علامہ طاہر الحسن، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا الیاس مسلم ، مولانا شہباز احمد ، مولانا حفیظ الرحمن ، پیر اسعد حبیب شاہ جمالی ، علامہ زاہد کاظمی ، مولانا قاسم قاسمی نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے ، امت مسلمہ کے اتحاد اور وحدت کا مرکز مکہ اور مدینہ ہے اور ارض الحرمین الشریفین کا پیغام مسلم امة کے اتحاد کا ہے ، انہوں نے کہا کہ آج مسلم نوجوان کو گمراہ کرنے کیلئے فتنے پھیلائے جا رہے ہیں، لیکن مسلم امة کو متحد ہو کر ان فتنوں کو ناکام بنانا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل مرحلے میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان سعودی عرب مل امت مسلمہ کو مصائب اور مشکلات سے نکالنے کی کوشش کریں گے ، انہوں نے کہا کہ حج کے بہترین انتظامات پر ہم سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے پاکستان علماء و مشائخ کونسل کو بھرپور طریقے سے منظم کیا جائے گا، وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا کہ توحید ، ختم نبوت اور ارض الحرمین الشریفین کی سلامتی ، دفاع ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس پر کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ مدارس اور مساجد کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے گا اور مدارس اور مساجد کی عزت سے کسی کو نہیں کھیلنے دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ جائز اور شرعی امور میں علماء ہم سے تعاون کریں اور جہاں ہم غلطی کریں وہاں ہماری رہنمائی کریں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانا ہماری حکومت کا مشن اور ہدف ہے ۔

پاکستان میں سعودی عرب کے نائب سفیر حبیب اللہ بخاری نے کہا کہ امت مسلمہ کی بقاء اور سلامتی وحدت امت میں ہے اور سعودی عرب کی حکومت مسلمانوں کے درمیان افہام و تفہیم پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لا زوال ہیں اور یہ ایک جسم اور روح کی طرح ہیں ، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی نے کہا مدینہ منورہ میں خود کش حملہ کرنے والے اور سعودی عرب پر میزائل برسانے والے مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے ، انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں اور ان کے سرپرستوں کی سرکوبی امت مسلمہ پر فرض ہے ، انہوں نے کہا کہ سی پیک میں سعودی عرب کی شمولیت پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے ، انہوں نے کہا کہ سی پیک میں سعودی عرب کی شمولیت کی مخالفت کرنے والے پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے ، انہوں نے کہا کہ حکومت کے اچھے کاموں میں تعاون کریںگے اور غیر شرعی امور میں محاسبہ کریں گے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مدارس اور مساجد کو لاوارث نہیں چھوڑے گی ، کانفرنس میں ایک قرارداد کے ذریعے حج کے بہترین انتظامات پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اوران کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان اور عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کانفرنس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور معاشی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا اور سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت کا خیرمقدم کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں