تحریک انصاف کی حکومت ہر شعبہ زندگی میں ماہرین کے تجربات سے استفادہ کرے گی:شہبازگل

پنجاب ایڈوائزری کونسل برائے گورننس میں تمام ممبر اعزازی طو رپر خدمات سرانجام دیں گے ایڈوائزری کونسل کے ارکان مختلف محکموں کی کارکردگی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سفارشات پیش کریں گے اب رویوں کو بدلنا ہوگا، خاندانی سیاست نہیں ہوگی ، ماضی کے برعکس اب وزراء مضبوط او ربااختیار ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہبازگل کی ایوان وزیراعلی میں پہلی پریس کانفرنس

جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے پنجاب ایڈوائزری کونسل برائے گورننس تشکیل دے دی گئی ہے -ایوان وزیراعلی میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے ترجمان ڈاکٹر شہبازگل نے کہاکہ ماضی کے تجربات کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت مشاورت پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوام سے گڈ گورننس کے وعدے پورے کئے جا سکیں-وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں پنجاب ایڈوائزری کونسل برائے گورننس کی تشکیل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں تمام ممبر اعزازی طو رپر خدمات سرانجام دیں گے اور حکومت کے مختلف محکموں کی کارکردگی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے سفارشات اور تجاویز پیش کریںگی- انہوںنے بتایا کہ ایڈوائزری کونسل میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر سلمان شاہ ،سابق وفاقی سیکرٹری سلمان صدیق، وائس چانسلر لمزڈاکٹر ارشد علی، جسٹس(ر) محمد فرخ محمود،صنعتکارگوہر اعجاز ، صنعتکار فواد مختار ، ماہر تعلیم ایم اے رئوف ،سابق وفاقی سیکرٹری جاوید اقبال اعوان ، سابق وفاقی سیکرٹری تیمور عظمت عثمان ، صنعتکار احمد کمال،بزنس مین مرتضیٰ ہاشوانی ،سیکرٹری ٹو چیف منسٹر کوآرڈینیشن اورچیئرپرسن ٹاسک فورس فضیل آصف شامل ہیں-ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ ماضی میں عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جاتی رہی اور عوام کی ضروریات کے مطابق منصوبے بنانے کی بجائے مہنگے پراجیکٹ لگاکر بے جا تشہیر کی گئی-انہوںنے کہاکہ ماضی میں کاشتکاروں کی بہتری اور قومی پیداوار میں اضافے کے لئے کوئی اقدام نہیں کیاگیا جس سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے -اس کے برعکس میٹروجیسے پراجیکٹ میں اقتصادی بد انتظامی کی وجہ سے بوجھ بن کر رہ گئی-انہوںنے بتایا کہ حکومت پنجاب ایل آر ایم آئی ایس کے تحت موبائل اراضی سینٹر کے منصوبے پر عمل کررہی ہے لیکن وزیراعلیٰ نے سابقہ دور کے دوران اڑھائی کروڑ کی وین کے تخمینے پر نظر ثانی کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے -انہوںنے کہاکہ پہلی دفعہ پنجاب کو ایسا وزیراعلیٰ ملاہے جس کے دروازے صبح سے شام تک عوام کے لئے کھلے ہیں اور لوگ آتے ہیں ملتے ہیں جبکہ ماضی میں صورتحال اس کے بالکل برعکس تھی اب ہمیں رویوں کو بدلنا ہوگا -خاندانی سیاست نہیں ہوگی ،ماضی کے برعکس اب وزراء مضبوط اور بااختیار ہیں-ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ مشاورتی کونسل پنجاب میں سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز دے گی-یہ کونسل باقاعدگی سے میٹنگ کرے گی اور وزیراعلیٰ کو سفارشات دے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں