ولادت مصطفیٰ ﷺ کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے،امن کا بول بالا ہوا

تاجدارِ کائنات کی آمد سے ظلم کے بت پاش پاش ہوگئے،مظلوموں اورکمزور طبقات کو سراٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا تحریک منہاج القرآن فروغِ عشق مصطفیٰﷺ اور فروغِ امن کی سب سے بڑی تحریک ہے ڈاکٹر طاہرالقادری سفیر عشق رسول،نوجوانوں کے دلوں میں محبت رسول کی مشعلیں روشن کیں تحریک منہاج القرآن ملتان زیراہتمام سالانہ مشعل بردارمیلاد ریلی سے مقررین کے خطابا ت

جمعرات 15 نومبر 2018 23:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2018ء) تحریک منہاج القرآن ملتان کے زیراہتمام گیارہویں سالانہ مشعل بردار میلاد ریلی دولت گیٹ چوک سے شروع ہوئی،مشعل بردار میلاد ریلی کی قیادت سجادہ نشین خانقاہ حامدیہ صاحبزادہ قاری ناصر میاں نقشبندی،سجادہ نشین خانقاہ چادروالی سرکار پیر سید نورحسین شاہ نقشبندی،ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن یاسر ارشاد دیوان،سرپرست تحریک مخدوم شہباز ہاشمی،ناظم احسان سعیدی،شوکت مصطفوی،ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک میجر محمد اقبال چغتائی، صوبائی ترجمان رائو محمد عار ف رضوی،صدر متحدہ میلاد کونسل زاہد بلال قریشی،رکن الدین ندیم حامدی سمیت تحریک منہاج القرآن اور متحدہ میلاد کونسل کے قائدین نے کی۔

میلاد ریلی میںمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن ایاز کیتھران، علامہ قاری غلام شبیر سواگی،علامہ عزیزالرحمن خان قادری،علامہ شفیق اللہ البدری،رائو جمیل قادری،قاری توفیق حامدی،پیر مدنی قادری،مرزاارشدالقادری،چوہدری جاوید بندیشہ،سجاد نقشبندی،قاری سیف الرحمن،حاجی اقبال یوسف نقشبندی،محمد افضل فریدچشتی،محمد تسلیم عطاری،حافظ منظور الہی،محمد ثمر حامدی،ملک محمد زاہد،کامران عالم،انس نصیر کے علاوہ کثیر تعداد میں عشاقانِ رسول نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مشعل بردار ریلی میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے نمائندہ علماء کرام علامہ مجاہد عباس گردیزی،علامہ قاری ابوبکر عثمان الازہری،مولانا غلام مصطفیٰ فردوسی،علامہ عبدالحنان حیدری نے بھی شرکت کی۔ مشعل بردار میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قاری ناصر میاں خان نقشبندی نے کہا کہ اللہ پاک نے اپنے حبیبﷺ کو ہمارے درمیان مبعوث فرما کر احسان عظیم فرمایا،یہی وجہ ہے کہ ولادت ِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے۔

پیر سید نورحسین شاہ نقشبندی نے کہا کہ پوری امت مسلمہ اپنے پیارے نبی کی ولادت کی خوشی کاجشن منانے کا خصوصی اہتمام کرتی ہے۔ضلعی صدر یاسر ارشاد نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اپنے پیارے نبی ﷺ کی ولادت کا جشن منفرد انداز میں مناتی ہے۔مخدوم شہباز ہاشمی اور میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا کہ تاجدار ِ کائنات کی آمد سے ظلم وستم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوا۔

معاشرے کے مظلوم اور کمزور طبقات کو سراٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا۔جہالت کے اندھیرے علم کی روشنی میں تبدیل ہوگئے۔متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قریشی اور رکن الدین ندیم حامدی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغِ عشق رسول کی سب سے بڑی تحریک ہے جو نہایت منظم انداز میں پوری دنیا میں حضور کے عشق کی شمعیں روشن کررہی ہے۔ رائو محمد عارف رضوی اور احسان سعیدی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سفیر عشق رسول ہیں جنہوں نے نوجوان نسل کے دلوں میں عشق رسول کی مشعلیں روشن کیں۔

مشعل بردار میلاد ریلی کے شرکاء نے مشعلیں اٹھا کر حضوراکرمﷺ کی آمد کے حوالے سے نعتیں پڑھتے ہوئے ریلی میں شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے آمدِ مصطفیٰ۔مرحبا مرحبا،اور سرکار کی آمد۔مرحبا کے نعرے لگائے۔میلاد ریلی حسین آگاہی الیکڑونکس مارکیٹ سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں