حکومت پنجاب نے بچوں کی صحت و تعلیم کی بہتری پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے،صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری

بدھ 19 دسمبر 2018 18:31

لاہور۔19 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق بچوں کی صحت اور تعلیم کی بہتری پر فوکس کیا ہوا ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں عطیہ ویلفیئر فائونڈیشن کے زیراہتمام ضلع لودھراں میں بچوں کے حقوق، تعلیم اور صحت کے حوالے سے پراجیکٹ کی تقریب میں کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین، صدر عطیہ ویلفیئر فائونڈیشن چوہدری محمد اعجاز، چیف ایگزیکٹو آفیسر برکت علی ریاض، ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈیویلپمنٹ میاں نجیب اسلم اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی میاں محمد اسماعیل بھی موجود تھے، صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ خوراک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سچے جذبے کے ساتھ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری خوراک کیخلاف جہاد کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے، اس سلسلے میں پنجاب بھر کے سکولوں کی کنٹینز کا معائنہ بچوں کیلئے مضر صحت کولڈرنک اور سنیکس پر پابندی لگائی گئی ہے تاکہ ہمارے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا اورسخت قوانین کے ذریعے غیر معیاری اشیاء بنانے والی بڑی بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کیخلاف جرمانے،ایف آئی آر اور سیلنگ جیسے اقدامات کئے گئے ہیں، سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ ہماری حکومت نے 100دنوں میں سمت کا تعین کر دیا ہے جو کہ ہم 70سالوں میں نہیں کر سکے، قبل ازیں عطیہ ویلفیئر فائونڈیشن کی جانب سے ہر ضلع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بنانے،تعلیمی نصاب میں بچوں کے تحفظ کے متعلق مضامین شامل کرنے،بچوں کو سکول مینجمنٹ کونسل میں نمائندگی دینے اور سیکنڈ شفٹ سکولوں کے ذریعے ورکرز کے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخلہ دینے کے انتظامات جیسے مطالبات پیش کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں