اپوزیشن کسی نظریے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ایک چھت تلے اکٹھے ہو رہی ہے‘ جمشید چیمہ

احتساب کے عمل کو روکنے کیلئے ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے ،ٹھگوں کے ٹولے سے بلیک میل نہیں ہونگے ملک میں کسی طرح کا کوئی بحران نہیں البتہ کرپشن کرنیوالوں کو ضرور بحران کا سامنا ہے ‘ مرکزی رہنما کی پارٹی دفتر میں وفد سے گفتگو

بدھ 16 جنوری 2019 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف)سمیت دیگر جماعتیں کسی نظریے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ایک چھت تلے اکٹھے ہو رہی ہیں ،ملک میں کسی طرح کا کوئی بحران نہیں البتہ کرپشن کرنے والوں کو ضرور بحران کا سامنا ہے ، ٹھگوں کا ٹولہ جس طرح کا مرضی اتحاد کر لے حکومت کسی دبائو کے تحت احتساب کے اداروں کو اپنے کام سے نہیں روکے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی دفتر میں کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ملکی خزانے کو لوٹنے والوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں ۔ اپوزیشن حکومت پر دبائو بڑھانے کیلئے بڑھکیں لگا رہی ہے لیکن ہمیں ان کا کوئی خوف نہیں ۔

(جاری ہے)

عوام اتنے بیوقوف نہیں کہ اپنا خون چوسنے والوں کیلئے سڑکوں پر آئیں اور انہیں تحفظ دیں ۔

انہوںنے کہا کہ اپوزیشن احتساب کے عمل کو روکنے کیلئے ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش کر رہی ہے لیکن ان کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا جائے گا اور انہیںمنہ کی کھانا پڑے گی ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے آگے بند باندھنے کا اٹل فیصلہ کر رکھا ہے اور کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان اسٹیٹس کو توڑ کر ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور اس کے لئے انہیںعوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں